وزیراعلیٰ سندھ کا محرم میں ضابطہ اخلاق کے مکمل نفاذ کا حکم

 
0
368

کراچی ستمبر 10(ٹی این ایس)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محرم الحرام میں ضابطہ اخلاق کو مکمل طور پر نافذ کرنے کا حکم دے دیا۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت امن و امان پر اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزراء سعید غنی، ناصر شاہ، وزیراعلیٰ کے مشیر مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری، پرنسپل سیکریٹری، سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری بلدیات، کمشنر کراچی، انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ بھی شریک ہوئے۔

ترجمان کے مطابق صوبے کے تمام ڈی آئی جیز، کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز ویڈیوکانفرنس کے ذریعے اجلاس میں شریک تھے،اجلاس میں محرم الحرام کی سیکیورٹی، مجموعی امان و امان کی صورت حال، اسٹریٹ کرائم اور ضابطہ اخلاق پر بات چیت ہوئی۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران سڑکوں کی صفائی، پینے کے پانی کی فراہمی، مساجد و امام بارگاہوں کو پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔وزیراعلیٰ سندھ نے سیکریٹری داخلہ قاضی کبیر کو ضابطہ اخلاق سے متعلق عوام کو آگاہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا کرم ہے کہ ہمارے مختلف فرقوں کے علماء نے عوام میں محبت، یکجہتی و باہمی احترام کو فروغ دیا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ سندھ صوفیوں کی سرزمین ہے، یہاں ہمیشہ ایک دوسرے کے خیالات کا احترام ہوتا رہا ہے۔