حکومت کی تبدیلی کے باوجود وفاقی دارلحکومت کے سب سے بااثر اور کرپٹ پٹواری کے خلاف تا حال کوئی ایکشن نہ لیا جا سکا، علاقہ مکین پریشان

 
0
560

اسلام آباد ستمبر 14 (ٹی این ایس): حکومت کی تبدیلی کے باوجود وفاقی دارلحکومت کے سب سے بااثر اور کرپٹ پٹواری حسیم کو کرپشن کیسز اور شکایات کے باوجود موضع سنگجانی سے نہ تو تبدیل کیا جا سکا نہ ہی اسے عہدے سے ہٹا کر اسکے خلاف کوئی کاروائی عمل میں لائی جا سکی۔ اہم سیاسی شخصیت کی سفارش پر طویل عرصے سے تعینات حسیم پٹواری کیخلاف کرپشن شکایات پراسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ بھی کاروائی سے گریز کر رہی ہے کرپشن کے الزامات اور بڑے پراپرٹی ٹائکون کو ضلع اسلام آباد میں بھاری رشوت کے عوض اربوں روپے مالیت کی سرکاری اور نجی زمینوں پر قبضہ کرنے میں مدد فراہم کرنے والے پٹواری محمد حسیم کو اسی بزنس ٹائیکون اور ایک سیاسی شخصیت کی پشت پناہی بھی حاصل ہے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ حسیم پٹواری مبینہ طور پر ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے اعلی افسران کو ہر ماہ بھاری رشوت اور قیمتی تحائف پہنچاتا ہے جسکی وجہ سے اس بااثر پٹواری کے خلاف کاروائی نہیں کی جاتی جبکہ چند ماہ پہلے اسی پٹواری کے گھر بڑی ڈکیتی بھی ہوئی جہاں ڈاکوؤں اسکے گھر سے پچاس لاکھ روپے کے ساتھ ساتھ قیمتی زیورات بھی لوٹ کر فرار ہو گئے تھے تاہم عوام سے لوٹی گئی اس رقم کی ایف آئی آر بھی درج نہیں کروائی گئی کیونکہ اس سے ملزم کو رقم حاصل کرنے کے ذرائع بھی بتانا پڑتے۔ دوسری جانب موضع سنگجانی میں ہی تعینات پٹواری حسیم کی مدد سے بڑے پیمانے پر وفاقی ترقیاتی ادارے کی اراضی پر قبضے کیے جارہے ہیں جس میں ریونیو ڈیپارٹمنٹ کا عملہ بھی ملوث ہے۔ بااثر پٹواری کیخلاف اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کو شکایات کے باوجود کاروائی نہ ہونے پر متاثرہ افراد نے چیئرمین نیب کو درخواست بھیج دی ۔ چیئرمین نیب کو بھیجی گئی درخواست میں درخواست گزار سید ارتضیٰ نے موقف اپنایا کہ حسیم پٹواری نے خسرہ نمبر 1278,1280,1413,1415 موضع دریک موہری اپنی اراضی پر نشاندہی کے لیے پچاس ہزار روپے لیے لیکن اس کے باوجود نشاندہی نہیں کررہا ۔ درخواست میں کہا گیا کہ بااثر پٹواری کیخلاف نیب میں پہلے بھی کاروائی جاری ہے تاہم کرپشن شکایات کے باوجود عہدے سے نہیں ہٹایا جاسکتا ۔ اسلام آباد کے بیشتر موضع جات کے پٹواریوں کو گزشتہ دور حکومت میں سیاسی بنیادوں اور سفارش پر تعینات کیا گیا تھا تاہم نئی حکومت بننے اور پٹواریوں سے جان چھڑانے کے اعلانات کے باوجود اب تک کرپٹ پٹواریو ں کے خلاف کاروائی کی گئی نہ ہی شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔