وزیر اعظم ہاوس میں 102 میں سے 61 گاڑیاں نیلام

 
0
414

9 خریدار گاڑیوں کی بولیاں لگا کر غائب ،حکام راہ تکتے رہ گئے

اسلام آباد ستمبر 17 (ٹی این ایس): وزیر اعظم ہاوس میں 102 میں سے 61 گاڑیاں نیلام ہو گئیں۔ 9 خریدار گاڑیوں کی بولیاں لگا کر غائب ،حکام انتظار کرتے رہ گئے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قائم ہوئے لگ بھگ ایک ماہ ہو چکا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو جہاں بہت سے چیلنجز درپیش ہیں ان میں سے ایک بڑا چیلنج گرتی ہوئی معیشت کو سنبھالنا ہے۔ اس ضمن میں ایک جانب پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے خود پر کفایت شعاری نافذ کرتے ہوئے جہاں عوامی پذیرائی کے فیصلے کئیے وہیں عوام کو سخت فیصلوں کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ایک بڑا فیصلہ وزیر اعظم ہاوس میں موجود گاڑیوں کی فروخت کا کیا جس پر عوام کی جانب سے تنقید بھی کی گئی تو کچھ طبقوں نے اسے خوش آئند قرار دیا۔ وزیر اعظم ہاوس میں موجود گاڑیوں کی نیلامی کا عمل آج ہوا ۔نیلامی کا عمل آج مکمل ہوا ہے۔ایڈمنسٹریٹروزیراعظم ہاؤس میجر آصف نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مجموعی طور پر آج 61 گاڑیاں نیلام ہوئیں۔

61 گاڑیوں کی نیلامی سے تقریباً 20 کروڑ روپے حاصل ہوئے۔مینیجر کا کہنا تھا کہ جن گاڑیوں کی بولی نہیں لگی ایف بی آران کی قیمتوں کا دوبارہ تعین کرے گا۔نیلامی کےلیے پیش کی گئی 102گاڑیوں کی مالیت ایک ارب روپےسے زائد تھی۔انکا یہ بھی کہنا تھا کہ امید تھی بم پروف گاڑی کی بولی 16 کروڑ سے اوپر جائے گی تاہم دونوں گاڑیوں میں سے کسی کی بھی بولی نہیں لگی۔

27 لگژری اور بلٹ پروف گاڑیوں میں سے 7 کی نیلامی ہوئی۔تاہم سب سے زیادہ دلچسپ صورتحالم اس وقت پیدا ہوئی جب گاڑیوں کے خریدار بولی لگا کر فرار ہو گئے۔میڈیا کے مطابق 9 خریدار ایسے تھے جنہوں نے پہلے بولی لگائی جب حتمی مراحل پیش آئے تو غائب ہو گئے۔حکام راہ تکتے رہے ۔خاصے انتظار کے باوجود بھی جب مفرور خریدار واپس نہ آئے تو حکومت کو گاڑیوں کی بولی دوبارہ لگوانا پڑی۔