ڈیم فنڈ میں رقم جمع ہونے کا سلسلہ جاری، جنوبی افریقہ میں تقریب کا انعقاد، 3 کروڑ 70 لاکھ پاکستانی روپے جمع ہوئے

 
0
424

جنوبی افریقہ فروری 05 (ٹی این ایس): چیف جسٹس اور وزیراعظم ڈیم فنڈ میں تاحال عطیات جمع ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے جنوبی افریقہ میں ایک فنڈ ریزنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں پاکستان میں ڈیمز کی تعمیر کے لیے قائم کردہ فںڈ میں 3 کروڑ 70 لاکھ پاکستانی روپے جمع ہوئے۔افریقہ کی تاریخ میں پاکستانی کمیونٹی کا یہ سب سے بڑا فنڈ ریزنگ ایونٹ تھا۔ فنڈ ریزنگ تقریب کا اہتمام پاکستان تحریک انصاف ساؤتھ افریقہ کی جانب سے کیا گیا جس میں موجودہ حکومتی جماعت کے رہنما فیصل جاوید، کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ اور موجودہ کپتان شعیب ملک سمیت پوری پاکستانی ٹیم نے شرکت کی۔سنچورین میں ہونے والے فنڈ ریزنگ تقریب میں وزیراعظم عمران خان کا دستخط شدہ بلا 3 لاکھ رینڈ میں نیلام ہوا اور عمران خان کی دستخط شدہ گیند 70 ہزار رینڈ میں نیلام ہوئی۔ پاکستان کی موجودہ کرکٹ ٹیم کے دستخط شدہ بلے 1.5 لاکھ اور دستخط شدہ ٹی شرٹس 70 ہزار رینڈ میں نیلام ہوئیں۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔خاص طور پر میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کا مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ یہی جذبہ رہا تو ہم ملک میں کئی ڈیمز بنا لیں گے اور ہم سب پاکستان کے بحرانوں پر بھی قابو پالیں گے۔ فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے ڈیم فنڈ کے اجرا پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اب تک ڈیم فنڈ میں 9.6 ارب روپے جمع ہو چکے ہیں۔خیال رہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے ملک میں ڈیمز کی تعمیر کے لیے فنڈ قائم کیا تھا جسے بعد ازاں وزیراعظم اور چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ڈیم فنڈ کا نام دیا گیا۔ دیامر بھاشا و مہمند ڈیم فنڈ جمع کرنے کے لیے بنک اکاؤنٹس مخصوص کیے گئے جس میں عطیے کی رقم جمع کروائی جا سکتی ہے۔اس بنک اکاؤنٹ کا ٹائٹل دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ 2018ء (”DIAMER-BHASHA AND MOHMAND DAM FUND –2018”) رکھا گیا اور اکاؤنٹ نمبر 4-001-299999-593-03 جبکہ آئی بی این نمبر PK06SBPP0035932999990014 ہے۔