عازمین حج کی بائیومیٹرک تصدیق کا عمل 27شہروں میں ہفتہ کو شروع ہوگیا

 
0
342

اسلام آباد اپریل 06 (ٹی این ایس): عازمین حج کی بائیومیٹرک تصدیق کا عمل 27شہروں میں ہفتہ کو شروع ہوگیا۔ وزارت کے ذرائع کے مطابق سرکاری حج سکیم کے تحت حج کی سعادت حاصل کرنے والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ شیڈول کے مطابق اپنی بائیومیٹرک تصدیق یقینی بنائیں۔ اس کا شیڈول پہلے ہی فون اور ایس ایم ایس کے ذریعے حجاج کرام کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ یہ شیڈول وزارت کی ویب سائیٹ سے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
بائیومیٹرک تصدیق کا عمل اعتماد ویزہ سنٹرز میں کیا جا رہا ہے،بائیومیٹرک تصدیق کے موقع پر حجاج کرام اپنی اصل رسیدیں، کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی مصدقہ کاپی ہمراہ لائیں۔ 80سال سے زائد اور 6سال سے کم عمر بچوں کی تصدیق مفت ہوگی۔ جن شہروں میں یہ عمل شروع کیا گیا ہے ان میں اسلام آباد، ملتان، فیصل آباد، کراچی، لاہور ، پشاور، سیالکوٹ، ڑحیم یار خان، سکھر، کوئٹہ، ڈی آئی خان، سوات، جھنگ، صوابی، مردان، حیدرآباد، گجرات، سائیوال، مانسہرہ، خاشاب، گلگت، میرپور، راجن پور، گوجرانوالہ، میرپور خاص، کوہاٹ اور قصور شامل ہیں۔ بائیومیٹرک کے بغیر حجاج کو سعودی عرب جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔