گورنر اسٹیٹ بینک کی کمرشل بینکوں کے صدور سی ای اوز سے ملاقات

 
0
353

کراچی جولائی 19(ٹی این ایس ):گورنر بینک دولت پاکستان طارق باجوہ نے بدھ کو اسٹیٹ بینک کراچی میں تمام کمرشل بینکوں کے صدور وچیف ایگزیکٹو آفیسرز کے ساتھ اپنے پہلے اجلاس کی صدارت کی۔گورنر نے بینکوں کے نمائندوں کا خیر مقدم کیا اور اجلاس میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اپنے افتتاحی کلمات میں گورنر نے اپنے اس وژن کے بارے میں بتایا کہ ایک ریگولیٹری ادارے کو اپنے دائرہ کار میں آنے والے اداروں کے ساتھ منصفانہ اور مضبوط برتاو رکھنا چاہیے ،بینکاری شعبے کے ساتھ آئندہ روابط میں یہی دو تصورات بطور رہنما اصول کارفرما ہوں گے۔مزید برآں گورنر نے اپنی ترجیحات کا ذکر کیا جن میں زرعی فنانسنگ، ایس ایم ایز کے لیے مالی خدمات تک رسائی میں سہولت مہیا کرنے اور محدود مالی وساطتی کردار اور صوبہ بلوچستان میں بینکاری شعبے کی بہت کم سرگرمیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی ناہمواری سے نمٹنے پر زیادہ توجہ دینا شامل ہیں۔ گورنر نے بینکاری شعبے پر زور دیا کہ وہ شمولیتی معاشی نمو اور روزگار پیدا کرنے کے بلند تر اہداف کی خاطر ان مقاصد کے حصول کے لیے فعال کردار ادا کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے دستیاب قدرتی وسائل کے ساتھ چھوٹے کاشتکاروں کو مناسب اور ہدفی فنانسنگ کی شکل میں بینکاری شعبے کی جانب سے تعاون کی بنا پر زراعت کے شعبے میں بلند معاشی نمو کے حصول کے زبردست مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایس ایم ایز صنعتی شعبے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔

پاکستان میں یہ شعبہ نظر انداز کیا گیا ہے اور کمرشل بینکوں کے ساتھ اسٹیٹ بینک کو ایس ایم ایز کی ترقی کے لیے فعال طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اسلامی بینکاری کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ سیالیت کے انتظام کے لیے حکومتی سکوک کے اجرا سمیت اس شعبے کے اہم مسائل کے حل کے لیے کوششیں کرنا ہوں گی۔اجلاس میں جن دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ان میں ٹیکسٹائل کی صنعت کے غیر فعال قرضوں کی ری شیڈولنگ/تشکیل نو، بینکوں کی برانچوں میں زرمبادلہ خدمات کی فراہمی میں خردہ صارفین کو سہولت دینا، پے پاک کارڈز کو اختیار کرنا، انٹربینک فنڈ ٹرانسفر سہولت سے متعلق بینکوں کے چارجز میں ترمیم، سائبر سیکورٹی اور بیرونی کرنسی نوٹوں کی برآمد/ درآمد شامل ہیں۔بینکوں کے سی ای اوز/صدور نے گورنر کو ان کے تقرر پر مبارکباد پیش کی اور ترجیحی شعبوں میں اسٹیٹ بینک سے مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ مجموعی اقتصادی صورت حال، بینکاری صنعت کو دستیاب مواقع اور انہیں درپیش چیلنجوں پر اپنے خیالات سے آگاہ کیا اور توقع ظاہر کی کہ ان چیلنجوں کے حل کے لیے اسٹیٹ بینک اور وفاقی حکومت تعاون کریں گے۔اپنے اختتامی کلمات میں گورنر اسٹیٹ بینک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسٹیٹ بینک، بینکوں کے ساتھ باقاعدگی سے تبادلہ خیال جاری رکھے گا تا کہ ترجیحی بنیادوں پر مسائل کی نشاندہی ، ابلاغ اور حل کے لیے اقدامات کیے جاسکیں۔