معاشی ترقی و خوشحالی کیلئے قرضوں پر انحصار کم ، پبلک سیکٹر انٹرپرائزز کی کارکردگی بہتر کرنا ہوگی‘نائب صدر مسلم لیگ (ن) ٹریڈ رزونگ پنجاب

 
0
349

لاہورجولائی19(ٹی این ایس ):پاکستان مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ پنجاب کے سینئر نائب صدر و ایف پی سی سی آئی ریجنل قائمہ کمیٹی برائے امن وامان کے چےئرمین خواجہ خاور رشید نے کہا ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی )اقتصادی ترقی کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے،بنیادی ڈھانچہ کی ترقی کے لئے بھی ضروری ہے، حکومت نجی شعبے کے مسائل حل کرے اور پالیسی سازی میں نجی شعبے کو اعتماد میں لیا جائے۔انہوں نے کہاکہ انفراسٹکچر کے لیے بہت زیادہ سرمایہ کاری کی ضرورت ہے اور یہ دنیا میں بھر میں حکومتوں کے پاس دستیاب نہیں ہے۔

پاکستان میں بھی انفراسٹکچر کے لئے فنڈز بیرونی قرضے لے کر ہی منظم کیاجاتا ہے اس لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ بہت ضروری ہے ۔انہوں نے کہاکہ کاروباری معاملات پر تاجر برادری کو اعتماد میں لے کر معاشی پالیسیوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کپاس، گندم، چاول پیدا اور سونے و کوئلے کے وسیع ذخائر رکھنے والا ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئلے کے صرف دو فیصد ذخائر سے آئندہ پچاس سال تک بیس ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر بڑے آبی ذخائر تعمیر کرنا بہت ضروری ہے لہذا حکومت کو اس سلسلے میں فوری اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس قیمتی پتھروں، جپسم ، نمک اور ماربل کے بھی وسیع ذخائر ہیں، اگر ان شعبوں میں ویلیو ایڈیشن پر توجہ دی جائے تو بہت بھاری نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں، حکومت کو ان شعبوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے قرضوں پر انحصار کم اور پبلک سیکٹر انٹرپرائزز کی کارکردگی بہتر کرنا ہوگی۔