پاکستان اسٹاک ایکسچینج ، سرمایہ کاروں کے 20 ارب 47 کروڑ روپے سے زائد ڈوب گئے

 
0
328

کراچی جولائی19( ٹی این ایس ): پاکستان اسٹاک ایکسچینج دو روزہ تیزی کے بعد کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ کو اتار چڑھاؤ کے بعد مندی رہی ۔کے ایس ای 100 انڈیکس 45600 اور 45500 کی نفسیاتی حدوں سے گر گیا ۔ سرمایہ کاری مالیت میں 20 ارب 47 کروڑ روپے سے زائد کی کمی ، کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت 4.54 فیصد زائد جبکہ 55.60 حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔ حکومتی مالیاتی اداروں اور مقامی بروکریج ہاؤسز کی جانب سے توانائی ، اسٹیل سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروباری کا آغاز مثبت زون میں ہوا ۔ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس 45808 کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا ۔ تاہم سپریم کورٹ میں یومیہ بنیادوں پر پاناما کیس کی سماعت کے باعث مقامی سرمایہ کار گروپ تذبذب کا شکار نظر آئے اور اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی ، جس کے نتیجے میں تیزی کے اثرات زائل ہو گئے اور کے ایس ای 100 انڈیکس 45297 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا ۔ تاہم ایک بار پھر غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے سرمایہ کاری کے باعث مارکیٹ میں ریکوری آئی تاہم مارکیٹ سارا دن اتار چڑھاؤ کا شکار رہی ۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 217.65 پوائنٹس کمی سے 45418.71 پوائنٹس پر بند ہوا ۔ مجموعی طور پر بدھ کو 361 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ، جن میں 148 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ ، 200 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 13 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا ۔ مجموعی طور پر 16 کروڑ 55 لاکھ 16 ہزار 140 شیئرز کا کاروبار ہوا ، جو منگل کے مقابلے میں 71 لاکھ 96 ہزار 290 شیئرز زائد ہے ۔ سرمایہ کاری مالیت میں 20 ارب 47 کروڑ 14 لاکھ 90 ہزار 305 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ، جس کے باعث سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر 93 کھرب 6 ارب 23 کروڑ 65 لاکھ 62 ہزار 10 روپے ہو گئی ۔ قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے فلپس موریس پاک کے حصص سرفہرست رہے ، جس کے حصص کی قیمت 132.25 روپے اضافے سے 2777.25 روپے اور وائتھ پاک لمیٹڈ کے حصص کی قیمت 101.69 روپے اضافے سے 2378.75 روپے ہو گئی ۔ نمایاں کمی باٹا پاک کے حصص میں ریکارڈ کی گئی ، جس کے حصص کی قیمت 50.00 روپے کمی سے 3050.00 روپے اور بھنیرو ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت 42.75 روپے کمی سے 812.25 روپے ہو گئی ۔ بدھ کو ٹی آر جی پاک لمیٹڈ کی سرگرمیاں ایک کروڑ 41 لاکھ 4 ہزار 500 شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں ، جس کے شیئرز کی قیمت 18 پیسے کمی سے 37.92 روپے اور کے الیکٹرک لمیٹڈ کی سرگرمیاں ایک کروڑ 16 لاکھ 5 ہزار شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں ، جس کے شیئرز کی قیمت 32 پیسے کمی سے 6.48 روپے پر بند ہوئی ۔ بدھ کو کے ایس ای 30 انڈیکس 173.35 پوائنٹس کمی سے 23670.28 پوائنٹس ، کے ایم آئی 30 انڈیکس 638.64 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 69.89 پوائنٹس کمی سے 31769.69 پوائنٹس پر بند ہوا