کرپشن ثابت نہ ہوئی تونیازی کوقوم سےمعافی مانگنا پڑےگی، حمزہ شہباز

 
0
301

اسلام آباد اپریل 16 (ٹی این ایس): مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء اوراپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہبازشریف نے کہا ہے کہ اگرکرپشن ثابت نہ ہوئی تو نیازی کوقوم سے معافی مانگنی پڑے گی،میں رقم کی ٹرانزیکشن اس وقت کے ٹیکس قوانین کے مطابق کی، قوم گواہ رہے کہ حکومت نے85ارب، وزارت داخلہ نے 33 ارب کرپشن کا الزام لگایا، نیب کہتا صرف18کروڑ کا معاملہ ہے،فواد چودھری اورشہزاداکبرکس کے کہنے پر پگڑیاں اچھالتے ہیں؟ انہوں نے نیب میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پچھلے 12دنوں میں نیب نہیں حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے سوال تھے کہ 85 ارب کی منی لانڈرنگ ہوئی، کرپشن ہوئی ہے۔
میرا سوال ہے کہ فواد چودھری اور شہزاد اکبر صاحب کو کون بتاتا ہے ایسا ہورہا ہے؟ نیب بتاتی ہے؟ ایف بی آر بتاتا ،کون بتاتا ہے؟ پھر یہ لوگوں کی پگڑیاں اچھالتے ہیں۔ مجھے اور میرے خاندان کو نوٹسز ملے، حکومت کی طرف سے 85ارب، وزارت داخلہ کی طرف سے 33ارب اور نیب کی طرف سے 18کروڑ کی انکوائری کی بات ہورہی ہے۔وزارت داخلہ کا کیا کام ہے؟ کہ وہ 33ارب کی بات کرے؟قوم یہ بات جان لے کہ 85یا 33ارب نہیں بلکہ نیب نے مجھ سے سوال کیا کہ 18کروڑ کا معاملہ ہے۔
یہ 18کروڑ کا پیسا مجھے کب آیا تھا؟ یہ 2005ء سے 2008ء کی ایف ٹی ٹی ہیں۔اس وقت حمزہ شہبازپبلک ہولڈر نہیں تھا، بلکہ مشرف کا دور تھا،مشرف نے کہا تھا کہ حمزہ کو ہم نے پاکستان میں رکھا ہوا ہے۔یعنی مشرف نے مجھے10سال کیلئے اغواء برائے تاوان رکھا ہوا تھا۔مجھے بتائیں ؟مجھے لاہور سے باہر جانے کی اجازت نہیں تھی، پاکستان سے باہر جانے کی اجازت نہیں تھی۔
میرے والد کو کینسر کا مرض لاحق ہوالیکن میں ان سے ملنے نہیں جاسکا۔پھر کس بات کی کرپشن؟ کس بات کی منی لانڈرنگ ؟میں اس کا جواب دیتاہوں کہ میں نے جو بھی کیا اس وقت کے قانون ، ٹیکس قوانین کے مطابق کیا تھا۔کیونکہ میں پبلک ہولڈر نہیں تھا،اکیلا پاکستان میں تھا۔بلکہ اس وقت نیب نے میری کمپنی سے 12کروڑ روپیہ نکال لیا تھا۔ڈکٹیٹر کا دور ختم ہوا تو یہ 12کروڑ روپے سپریم کورٹ نے مجھے واپس دلوائے کہ نیب نے غلط کام کیا تھا۔حمزہ شہباز نے کہا کہ اگر 18کروڑ منی لانڈرنگ یا کرپشن ثابت نہ ہوئی تو نیازی خان کو قوم سے معافی مانگنی پڑے گی۔