پنجاب میں ایچ آئی وی ایڈز پر نیا قانون متعارف کروایا جائیگا‘خواجہ عمران نذیر

 
0
525

لاہورجولائی19(ٹی این ایس ):پنجاب میں ایچ آئی وی ایڈز پر قابو پانے کے لیے نیا قانون متعارف کرایا جائیگا، اس سلسلے میں تکنیکی ماہرین کی ٹیم مسودے کا جائزہ لے رہی ہے۔ یہ بات وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیر نے پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے زیر اہتمام ایک اجلاس میں کہی جس میں یواین ایڈز، یو این ایف پی اے ، عالمی ادارہ صحت، محکمہ صحت اور قانونی ماہرین نے شرکت کی۔ اجلاس میں قانون کامسودہ جائزے کے لیے پیش کیا گیا جس میں مریضوں سے امتیازی سلوک، مریضوں کے حقوق اور معلومات جیسے پہلو شامل ہیں۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ اگرچہ ایچ آئی وی جیسی بیماری کے بارے میں آگاہی کے لیے بہت کام کیا گیا ہے لیکن اس پر قانون سازی نہیں ہوئی۔ اور اس پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی سربراہی میں گزشتہ چند سالوں میں بہت سے اہم کام کیے گئے ہیں اور عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کے مشن کے تحت ،اقدامات میں تیزی آنا شروع ہو گئی ہے۔

 پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عدنان ظفر نے کہا کہ پروگرام نے چند ماہ کے قلیل عرصے میں سترہ ہزار سے زائد بس اور ٹرک ڈرائیورز کے ٹیسٹ کیے ۔پنجاب کے مختلف اضلاع میں فری ٹیسٹس،ہائی رسک گروپس کا علاج ،ویکسینیشن ،اور عوام تک اس امر کی آگاہی اور پنجاب بھر میں جیلوں میں ٹیسٹس اور ویکسینیشن جیسے اقداما ت کیے جا رہے ہیں۔ خواجہ عمران نذیر نے مزید کہاکہ ان انتھک کاوشوں پر ایڈز کنٹرول پروگرام کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم سب آپ کے ساتھ ہیں۔ جذبہ اور لگن کامیابی کی پہلی شرط ہے ۔مجھے یقین ہے کہ آپ اس جذبے اور لگن سے مطلوبہ اہداف بہت جلد حاصل کر لیں گے۔ اُنہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی جانب سے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ایڈز پر قابو پانے کے حوالے سے پارلیمانی سطح پر قانون سازی اور عوام کی خدمت کے لیے ہر طرح سے حکومت آپ کے ساتھ ہے ۔ یو این ایڈز کے کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر ممدو ال ساخو نے اپنے ادارے کی طرف سے پنجاب میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔