لاہور مئی 04 (ٹی این ایس): صوبہ کی چار ویمن یونیورسٹیوں میں مستقل وائس چانسلرز لگانے کی سمریاں وزیر اعلیٰ پنجاب نے منظور کرلیں ، ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کیلئے ڈاکٹر ناصرہ جبین ، ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کیلئے ڈاکٹر بشریٰ مرزا، ویمن یونیورسٹی ملتان کیلئے ڈاکٹر عظمی قریشی اور ہوم اکنامکس یونیورسٹی لاہور کیلئے کنول امین کے ناموں کی منظوری دی گئی ہے، حتمی منظوری کیلئے سمریاںگورنر پنجاب کو ارسال کر دی گئیں۔
ذرائع کے مطابق جن چار جامعات میں مستقل وائس چانسلرز کی سمریاں منظوری کیلئے ارسال کی گئیں ہیں ان میں سرچ کمیٹی نے تین تین نام میرٹ کے مطابق شامل کئے جنہیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے منظور کرلیا،کچھ جامعات کے قوانین کے مطابق وائس چانسلرز کی سمریاںحروف تہجی کے مطابق بھجوائی جانی ضروری ہیں، تاہم بلحاظ میرٹ امیدواروں کے نام سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے بھجوائے گئے ۔
ذرائع کے مطابق ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کیلئے سابق عبوری وائس چانسلر اورڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف ایڈمنسٹریٹو سائنسز پنجاب یونیورسٹی، ڈاکٹر ناصرہ جدون کے نام کی منظوری دی گئی ہے ،انہوںنے سٹرلنگ یونیورسٹی برطانیہ اور کیلیفورنیا یونیورسٹی، امریکہ سے پبلک ایڈمنسٹریشن میں پی ایچ ڈی اور پوسٹ ڈاکٹرل ڈگریاں حاصل کی ہیں۔ہوم اکنامکس یونیورسٹی لاہور کیلئے پنجاب یونیورسٹی کی ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکیجز، پروفیسرآف انفارمیشن مینجمنٹ ،کنول امین کی بطور وائس چانسلر منظوری دی گئی ہے،انہوں نے امریکہ کی مسوری یونیورسٹی سے فل برائٹ سکالر کے طور پر پوسٹ ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی،ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کیلئے ڈاکٹر بشریٰ مرزا کا نام تجویز کیا گیا ہے، وہ قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں بائیوکیمسٹری شعبہ کی ہیڈ ہیں، جبکہ وہ کیمبرج یونیورسٹی برطانیہ سے پی ایچ ڈی اور امریکہ کی ساؤتھ کیرولین یونیورسٹی سے پوسٹ ڈاکٹرل ڈگری کے علاوہ ایچ ای سی کا ینگ بیسٹ ریسرچر ایوارڈ2009 بھی حاصل کرچکی ہیں۔
ویمن یونیورسٹی ملتان کی وائس چانسلر کیلئے ڈاکٹر عظمیٰ قریشی کے نام کی منظوری دی گئی ہے، وہ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی سابق وائس چانسلر ہیں،گذشتہ برس سپریم کورٹ نے ان کو مطلوبہ عہدے کی اہلیت نہ ہونے کی بناء پر عہدے سے ہٹادیا تھا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلی کی طرف سے بھجوائی گئی سمریاں گورنرپنجاب من وعن منظور کرنے کے پابند ہیں تاہم کسی اعتراض کی صورت میں گورنر ایک یا تمام سمریوں کو نظرثانی کیلئے واپس بھجواسکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق گورنرپنجاب کی منظوری کے بعد ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے چاروں ویمن یونیورسٹیز میں مستقل وائس چانسلرز تعینات کرنے کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا جائے گا۔