چیئرمین سی ڈی اے اور بورڈ ممبران نے ایک اجلاس کے دوران شہر میں جاری انسدادِ تجاوزات مہم کا جائزہ لیا

 
0
325

اسلام آباد مئی 14 (ٹی این ایس): معزز عدالت سپریم کورٹ آف پاکستان میں ہونے والی سماعت کی روشنی میں متعلقہ شعبوں کو ہدایت جاری کی گئی کہ شہر میں جاری انسدادتجاوزات مہم کے سلسلے میں کی جانے والی کاروائیوں میں تیزی لانے کے ساتھ ساتھ مہم کے دائرہ کار کو وسیع کیا جائے۔
اجلاس میں ڈی جی ورکس کو ہدایت کی گئی کہ وہ 48 گھنٹوں کے اندرشہر کی مختلف شاہراؤں کے رائٹ آف وے پر قائم کی گئیں خلاف ورزیوں کے خاتمے کو یقینی بنائیں۔ اس سلسلے میں اسلام آباد کی اہم شاہراؤں ناظم الدین روڈ، مارگلہ روڈ، آئی جے پی اور دیگر پر کاروائیوں کا آغاز فوری طور پر کیا جائے۔ یہ بھی ہدایت جاری کی گئی کہ جی ٹی روڈ روات کے رائٹ آف وے اور جی ٹی روڈ ترنول کے رائٹ آف وے پر تجاوزات کے خلاف کاروائیوں میں مزید تیز ی لائی جائے۔
اسی طرح پلاٹ لائن سے تجاوز کر کے تعمیر کی گئیں تعمیرات کو بھی ختم کیا جائے۔اس سلسلے میں لوگوں کو متعدد بار بذریعہ نوٹس آگاہ کیا جا چکا ہے۔ اگر اسکے باوجود بھی کوئی خلاف ورزیاں پائی گئیں تو مالکوں اور رہائشیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایسی خلاف ورزیوں کو از خود ختم کر دیں بصورتِ دیگر سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انسدادِ تجاوزات مہم کے تحت شہر بھر کی طرح مارگلہ کی پہاڑیوں کے دامن میں بھی سی ڈی اے کی انسداد تجاوزات کاروائیاں جاری رہیں گی۔ اس سلسلے میں ایم سی آئی کے ڈائریکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن کو بھی آگاہ کیا جا رہا ہے کہ سی ڈی اے کے پلاننگ ونگ کی منظوری کے بغیر جاری کیے گئے تمام اجازت ناموں کو منسوخ کیا جائے کیونکہ یہ کوئی قانونی حیثیت نہیں رکھتے۔
منگل کے روز سی ڈی اے نے ایک آپریشن کے دوران سینٹورس مال کی انتظامیہ کی طرف سے قائم کی گئی غیر قانونی تجاوزات اور تعمیرات کا خاتمہ کر کے رائٹ آف وے کو کلیئر کر دیا گیا۔ مزید برآں غیر قانونی طور پر سرکاری اراضی کو استعمال میں لانے کے باعث سینٹورس مال کی انتظامیہ کے خلاف جرمانہ بھی عائد کیا جا رہا ہے۔