وزیراعلیٰ اورچین کے نائب صدر نے ہائر روبا اکنامک زون کا دورہ کیا اور ہائر روبا اکنامک زون کے مختلف شعبے دیکھے

 
0
895

لاہور مئی 27 (ٹی این ایس): چین کے نائب صدر وانگ چی شن آج لاہور پہنچے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ایئرپورٹ پر چین کے نائب صدر کا پرتپاک استقبال کیا۔ چین کے نائب صدر وانگ چی شن نے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار سے پرجوش مصافحہ کیااوربچیوں نے چین کے نائب صدر کو گلدستے پیش کیے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی وزراء کا چین کے نائب صدر سے تعارف کرایا۔چین کے نائب صدر وانگ چی شن نے وزراء سے ہاتھ ملایا۔ صوبائی وزراء نے چین کے نائب صدر کو لاہو رپہنچنے پر خوش آمدید کہا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنے بھائی کو لاہور کی سرزمین پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ آپ کی آمد پر ہم سر تا پا استقبال ہیں اور آپ کی آمد اہل پنجاب کیلئے اعزاز ہے۔ آپ کے دورے سے پاک چین تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور آپ کادورہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا نیا باب لکھے گا۔انہوں نے کہا کہ چین کے نائب صدر وانگ چی شن کی پاکستان آمد باعث فخر و انبساط ہے۔ چین کے نائب صدر کی آمد پر سمجھوتوں اور یاد داشتوں پر دستخط معاشی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوں گے اور سی پیک کے پراجیکٹس کا افتتاح خوش آئند امر ہے۔

انہو ں نے کہا کہ چین کے نائب صدر کو لاہور آمد پر دل اتھاہ گہرائیوں سے ”نی ہاؤ“ کہتے ہیں۔ وانگ چی شن اہل چین کی طرف سے محبتوں کے سندیسے لائے ہیں۔ چین کے نائب صدر وانگ چی شن نے اس موقع پر کہا کہپاکستان کے دل لاہور آکردلی خوشی ہوئی ہے۔چین کے سفیر یاؤجنگ،چینی قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن اورچینی وفد کے دیگر ارکان بھی اس موقع پر موجود تھے۔چینی نائب صدر کا  صوبائی وزراء راجہ بشارت، میاں محمودالرشید، سمیع اللہ چوہدری، سید صمصام بخاری، عنصر مجید نیازی، ڈاکٹر یاسمین راشد، آشفہ ریاض، اعجاز عالم، حافظ ممتاز احمد، کرنل (ر) ہاشم ڈوگر، تیمور خان بھٹی، نعمان لنگڑیال، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور اعلیٰ حکام نے بھی استقبال کیا۔وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار اورچین کے نائب صدر وانگ چی شن نے آج ہائر روبا اکنامک زون کا دورہ کیا اور ہائر روبا اکنامک زون کے مختلف شعبے دیکھے۔ وزیراعلیٰ اورچینی نائب صدر کو ہائر روبا اکنامک زون کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت پنجاب نئی انڈسٹریل پالیسی کے تحت صوبے میں صنعتوں کے فروغ کے لئے کوشاں ہے اورپنجاب میں سرمایہ کاروں کے لئے بے پناہ سہولتیں فراہم کی گئی ہیں -انہوں نے کہاکہ چین کی جانب سے صنعتی سیکٹر میں سرمایہ کاری خوش آئند ہے-چین کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں ہر طرح کی مراعات دیں گے-صوبائی وزراء ہاشم جواں بخت، میاں اسلم اقبال اور دیگر حکام بھی موجود تھے-