محکمہ تحفظ ماحول کی جانب سے ماحول دوست اینٹوں کا بھٹہ لگانے کیلئے اقدامات

 
0
2997

لاہور جولائی20( ٹی این ایس):سیکرٹری محکمہ تحفظ ماحول پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ سیف انجم کی سربراہی میں اینٹوں کے بھٹوں کی آلودگی کے تدارک کیلئے ایک اہم اجلاس میں غور کیا گیا جس میں محمد شعیب خان نیازی صدر آل پاکستان بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن و دیگر ارکان نے شرکت کی ۔اجلاس میں عبدالوحید جسرانمائندہ آئی سی موڈ ،وفاقی حکومت اور محکمہ کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔نسیم الرحمن شاہ ترجمان محکمہ تحفظ ماحول پنجاب نے بتایا کہ اس وقت تقریباً10ہزار اینٹوں کے بھٹے پنجاب کے مختلف اضلاع میں کام کررہے ہیں ،یہ اینٹوں کے بھٹے ہیئت کے حساب سے چھوٹے پراجیکٹ ہونے کے باوجود بہت زیادہ آلودگی پھیلانے کا باعث بن رہے ہیں ۔

یہ روایتی بھٹے تقریباً ایک جیسی ٹیکنالوجی پر مشتمل ہیں ان کی چمنی تقریباً60فٹ اونچائی کی ہے اور پاکستان بننے سے لیکر اب تک ان میں کوئی خاطر خواہ تبدیلی نہ لائی جاسکی جس کی وجہ سے نہ تو ان کی آلودگی کنٹرول کرنے کیلئے کوئی متبادل انتظام ہوا اور اس کے ساتھ ساتھ یہ بھٹہ مالکان کے لیے زائد اخراجات کا باعث بھی ہیں ۔اس کے تیکنیکی قابل عمل حل کی تلاش کے لیے ماضی میں مختلف آپشنز پر غور بھی کیا گیا اور کام بھی کیا گیا مگر اس ضمن میں کوئی کامیابی حاصل نہ ہوسکی ۔تاہم اب بھٹہ خشت مالکان ایسوسی ایشن نے حکومت اور آئی سی موڈ کے تعاون سے کھٹمنڈو (نیپال)کا دورہ کیا اور وہاں پر نئے زگ زیگ ٹیکنالوجی والے بھٹوں کا جائزہ لیا گیا۔عبدالوحید جسرا نمائندہ آئی سی موڈ کے مطابق ان نیپالی بھٹوں کی آلودگی پاکستان کے روایتی بھٹوں سے تقریباً 70فیصد کم ہے اور ان کی فیول کارکردگی بھی تقریباً 40فیصد بہتر ہے ۔لہذا یہ نیپالی طرز کے زگ زیگ بھٹے آلودگی کنٹرول کرنے کیلئے ایک بہترین متبادل ثابت ہوسکتے ہیں کیونکہ ان کا تجربہ پہلے ہی نیپال میں کیا جاچکا ہے ۔محمد شعیب خان نیازی صدر بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن نے اس ٹیکنالوجی پر اعتماد کا اظہار کیا کیونکہ ان کی ٹیکنیکل ٹیم کھٹمنڈو کا دورہ کرکے تمام تیکنیکی عوامل پر غور کرچکی ہے اور اس ٹیکنالوجی کا ایک بھٹہ رائے ونڈ میں زیر تعمیر بھی ہے ۔انہوں نے اس موقع پر اجلاس میں بتایا کہ ان کی ایسوسی ایشن ماحولیاتی مسئلہ کو حل کرنے کیلئے حکومت پنجا ب کے شانہ بشانہ کام کرنے کیلئے تیار ہے ۔اور اپنے ہی خرچ پر ایک بھٹہ زیر تعمیر بھی ہے اس کی تعمیر اگست کے مہینہ تک مکمل ہوجائے گی ۔انہوں نے درخواست کی کہ محکمہ تحفظ ماحول پنجاب ان کو تیکنیکی معاونت بھی فراہم کرے اور حکومت پنجاب ان ماحول دوست بھٹوں کی تعمیر کیلئے سبسڈی بھی فراہم کرے تاکہ اس ایک بھٹہ کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد پورے پنجاب میں تمام موجودہ بھٹوں کو اس نئی ماحول دوست ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جاسکے۔کیپٹن ریٹائرڈ سیف انجم سیکرٹری محکمہ تحفظ ماحول حکومت پنجا ب نے بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن کو یقین دلایا کہ ان کو ہر طرح کی تیکنیکی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔اور اس نئے بھٹے کی کامیابی کی صورت میں محکمہ دو یا تین اسی طرح کے نئے مزید بھٹوں کی تعمیر کیلئے بھی اقدامات کر ے گا اور موجودہ بھٹوں کو نئی ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کیلئے مالی امداد کیلئے آسان قرضوں وغیرہ کیلئے بھی سفارش کی جائے گی۔مزید برآں بھٹہ مالکان کی ٹریننگ کیلئے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔