وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا گورنر ہاؤس میں بین الاقوامی سکھ کنونشن سے خطاب

 
0
336

لاہور اگست 31 (ٹی این ایس): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا گورنر ہاؤس میں بین الاقوامی سکھ کنونشن سے خطاب۔ انھوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں بابا گورو نانک یونیورسٹی 10 ایکڑ اراضی پر بنائی جا رہی ہے، 6 ارب روپے لاگت آئے گی۔ ننکانہ کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے 15 کروڑ روپے فراہم کئے ہیں، سکھ یاتریوں کو آمد و رفت کی بہترین سہولتیں میسر ہوں گی۔ سکھ بھائی پاکستان کے قریب آ چکے ہیں، مسئلہ کشمیر پر سکھ پاکستان کے موقف کی حمایت کر رہے ہیں،کشمیریوں کے حق میں مظاہرے بھی کئے ہیں۔ سکھ کنونشن کے شرکاء کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی فوج کے مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان میں سکھوں سمیت تمام اقلیتوں کو جتنی آزادی اور تحفظ حاصل ہے، اس کی پوری دنیا میں کوئی اور مثال نہیں ملتی بابا گورو نانک کے 550 ویں جنم دن کی تقریبات میں آنے والے سکھ یاتریوں کیلئے سہولتوں کی فراہمی کو سو فیصد یقینی بنایا جائے گا۔ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف پروگرامز پر عملدرآمد کیلئے تقریباً ایک ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آج رات گورنر ہاؤس میں بین الاقوامی سکھ کنونشن میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے سکھ کنونشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں سکھ کنونشن میں شرکت پر پنجاب کے عوام کی طرف سے آپ سب کا خیرمقدم کرتا ہوں۔امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا سے آنے والے سکھ بھائیوں کو پاکستان آمد پر وزیراعظم عمران خان اور پنجاب حکومت کی جانب سے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں۔مجھے کرتارپور راہداری جیسے تاریخی منصوبے کے افتتاح اور بابا گورو نانک کے 550 ویں جنم دن کی تقریبات کی تیاریوں کے حوالے سے آپ کے ساتھ مشاورت اور بات چیت کرنے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ننکانہ صاحب میں بابا گورو نانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ یونیورسٹی 10 ایکڑ اراضی پر بنائی جا رہی ہے جس پر تقریباً 6 ارب روپے لاگت آئے گی۔ ننکانہ صاحب کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے 15 کروڑ روپے کی خطیر رقم فراہم کی گئی ہے اور ان سڑکوں کی تعمیر و مرمت سے سکھ یاتریوں کو آمد و رفت کی بہترین سہولتیں میسر ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ سکھ بھائی جتنا آج پاکستان کے قریب آ چکے ہیں،

ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ مجھے اس بات کی بھی خوشی ہے کہ مسئلہ کشمیر پر دنیا بھر کے سکھ پاکستان کے موقف کی حمایت کر رہے ہیں اور امریکہ اور برطانیہ سمیت کئی ممالک میں کشمیریوں کے حق میں ہونے والے مظاہروں میں بھی سکھ بھائی شریک ہوئے ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے۔ہم امن پر یقین رکھتے ہیں اور بھارت سمیت پوری دنیا کو امن اور دوستی کا پیغام دیتے ہیں اور پاکستان کی طرف سے امن اور دوستی کے پیغام کو پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکھ کنونشن کے شرکاء کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی فوج کے مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔ماضی گواہ ہے کہ پاکستان مقامی سکھ برادری اور بھارت سے آنے والے یاتریوں کی مذہبی روایات کے احترام اور مقدس مقامات تک ان کی رسائی کے لئے سہولتیں فراہم کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی کرے گا۔

پاکستان میں سکھوں سمیت تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی ہے۔اقلیتوں اور ان کے مقدس مقامات کی حفاظت اور دیکھ بھال کا فریضہ پوری تندہی سے سرانجام دیا جاتا ہے۔ پاکستان میں سکھوں سمیت تمام اقلیتوں کو جتنی آزادی اور تحفظ حاصل ہے، اس کی پوری دنیا میں کوئی اور مثال نہیں ملتی۔ ہر پاکستانی اپنے سے بڑھ کر اقلیتوں کے تحفظ کا خیال رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بابا گورو نانک کے 550 ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے آنے والے سکھ یاتریوں کو سکیورٹی سمیت دیگر سہولتوں کی فراہمی کو سو فیصد یقینی بنایا جائے گا اور انہیں پاکستان آمد پر کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ حکومتی ادارے ان کی مدد کیلئے ہر لمحہ ان کے ساتھ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت اقلیتی بھائیوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے ہمہ وقت سرگرم عمل ہے۔اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف پروگرامز پر عملدرآمد کیلئے تقریباً ایک ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے اور مینارٹی امپاورمنٹ پیکیج متعارف کرایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سکھوں سمیت اپنے تمام اقلیتی بھائیوں کو معاشی طور پر خوشحال اور سیاسی طور پر خودمختار دیکھنا چاہتے ہیں۔گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے بھی عشائیہ سے خطاب کیا- وفاقی وزراء شیخ رشید احمد، شفقت محمود، نورالحق قادری، فواد چوہدری، صوبائی وزراء محمود الرشید، تیمور بھٹی، پیر سید سعید الحسن شاہ، اعجاز عالم کے علاوہ بین الاقوامی کنونشن کے شرکاء نے بھی تقریب میں شرکت کی-