جیل میں آصف علی زرداری کے ساتھ احسان اللہ احسان، ابھی نندن اور کلبھوشن یادویو سے بھی برا سلوک کیا جا رہا ہے: سعید غنی

 
0
1736

اسلام آباد ستمبر 05 (ٹی این ایس): صوبائی وزیر برائے اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ جیل میں آصف علی زرداری کے ساتھ احسان اللہ احسان، ابھی نندن اور کلبھوشن یادویو سے بھی برا سلوک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق صدر کو عدالتی حکم کے باوجود سہولیات فراہم نہیں کی جارہیں اور ڈاکٹروں کے بورڈ کی ہدایت کے باوجود انکو اسپتال منتقل نہیں کیا جا رہا ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ آصف علی زرداری کو عدالتی حکم کے باوجود سہولیات فراہم نہیں کی جارہیں اور ڈاکٹروں کے بورڈ کی ہدایت کے باوجود انکو اسپتال منتقل نہیں کیا جا رہا،پیپلز پارٹی کو اس لئے دباؤ میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ وہ اپنا موقف تبدیل کریں لیکن ذوالفقار علی بھٹو نے پھانسی کو قبول کیا لیکن موقف تبدیل نہیں کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ زرداری صاحب اور فریال تالپور ابھی ملزم ہیں مجرم نہیں، جیل میں سہولیات نہیں دی جارہیں ، خاتون کو بکتر بند گاڑی میں لایا جاتا ہے، یہ ظلم نہیں تو کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہپیپلز پارٹی نے میڈیا اورعدلیہ کی آزادی اور پارلیمنٹ کی بالا دستی کی بات کی ہے اور نالائق حکومت کے خلاف آواز اٹھائی ہے یہ پیپلز پارٹی کا جرم ہے جس کی وجہ سے ہمیں دباؤ میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے، پیپلز پارٹی کے خلاف ہمیشہ کرپشن کارڈ استعمال ہوتا رہا ہے۔ آصف علی زرداری نے گیارہ سال جیل کاٹی، ظلم برداشت کیا اور ان کا بھی موقف تبدیل نہیں ہو گا اس سلوک کا سندھ میں کوئی ٹھیک پیغام نہیں جا رہا اپوزیشن کیلئے احتساب کا معیار اور ہے اور حکومتی رہنماؤں کیلئے معیار اور ہے۔
دوسری جانب احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کے خلاف دائر میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 19ستمبر تک ملتوی کر دی۔ جمعرات کو احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج راجہ جواد عباس حسن نے سماعت کی تو اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو سخت سکیورٹی حصار میں عدالت میں پیش کیا گیا ۔
عدالت نے حاضری لگا کر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو واپس بھیجنے کا حکم دے دیا۔عدالت سے واپسی کے موقع پر راستہ نہ ملنے پر سابق صدر آصف علی زرداری سکیورٹی اہلکار پر برہم ہوگئے اور اسے چھڑی دے ماری۔دوسری جانب ریفرنس کی نقول فراہم نہ کئے جانے کے باعث ملزمان پر فرد جرم عائد کئے جانے کی تاریخ مقرر نہ ہوسکی۔.فاضل جج راجہ جواد عباس حسن نے کہا کہ متعلقہ جج ریفرنس کو سن رہے ہیں وہی سماعت کریں گے ۔