احتساب عدالت کاشاہد خاقان عباسی کو جیل میں سہولیات فراہم کرنے کا حکم

 
0
345

اسلام آباد ستمبر 30 (ٹی این ایس): احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو جیل میں سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا ہے ۔پیر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو جیل میں سہولیات دینے سے متعلق دائر درخواست کی سماعت کی۔درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ شاہد خاقان عباسی کو ناساز طبعیت کی بنا پر جیل میں الگ رکھا جائے، پرہیزی کھانے کیلئے جیل میں خانساماں رکھنے کی اجازت دی جائے، اے سی، فریج، ٹی وی، ٹی کیٹل، ٹوسٹر، اوون کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں۔
درخواست میں کرسی، کمپیوٹر، پرنٹر اور جیل سے دو مددگار بھی طلب کیے گئے جبکہ اخبار، کتابیں اور دیگر اشیا اپنیخرچے پر رکھنے کی اجازت دینے کی استدعا کی گئی۔درخواست میں سابق وزیراعظم کو اہلیہ، بیٹوں، بہو، بہنوں اور کزنز سے ملاقات کرنے کی اجازت کے لیے 13 افراد کے نام دئیے گئے تھے۔عدالت نے درخواست پر وکیل کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا اور اپنے حکم میں کہا کہ آصف زرداری کو جیل میں جو سہولیات دی جا رہی ہیں وہی شاہد خاقان عباسی کو بھی دی جائیں۔واضح رہے کہ شاہد خاقان عباسی ایل این جی کیس میں ان دنوں نیب کی حراست میں ہیں جنہیں عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج رکھا ہے۔