پاکستان اور فرانس کے درمیان موسمیاتی نظام کی بہتری کی یاد داشت پر دستخط

 
0
286

پیرس جولائی20 (ٹی این ایس ): پاکستان اور فرانس کے درمیان محکمہ موسمیات کے میدان میں باہمی تعلقات کو سائنسی بنیادوں پر مزید بڑھانے کیلئے جمعرات کو پیرس میں منعقدہ تقریب میں ایک یاد داشت پر دستخط کئے گئے ۔ اس یاد داشت پر پاکستان کی جانب سے سفیر پاکستان برائے فرانس معین الحق اور فرانس کی جانب سے جین مارک لیو، چیف ایگزیگٹیو آفیسر برائے موسمیات فرانس نے دستخط کئے۔ اس موقع پرپاٹرک بنیوچو، صدر موسمیات فرانس، برنارد سٹراس، ڈائریکٹر بین الاقوامی تعلقات برائے موسمیات فرانس اور ایندری دی بوسے، سربراہ تعاون و ثقافتی تعلقات، سفارت خانہ فرانس برائے پاکستان بھی موجود تھے۔

سفیر پاکستان معین الحق نے اس معاہدے کی نمایاں خصوصیات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک مل کر پاکستان میں موسمیاتی پیشنگوئی کے نظام کو مزید بہتر بنائیں گے جن میں پیشگی انتباہ، موسمیاتی خدمات کے ذریعے لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ کرنا، ماحولیاتی تحفظ اور خاص طور پر لو کے بارے میں پیشگی اطلاعات فراہم کرنا ہے۔ معاہدے کے تحت مشترکہ طور پر ایک خصوصی منصوبے کو تشکیل دیا جائے گا جس سے پاکستان کے محکمہ موسمیات کے مختلف شعبوں جن میں موسمیات، آب و ہوا کی خدمات کے علاوہ پیشگی اطلاعاتی نظام میں بہتری لائی جا سکے گی۔ اس منصوبے کے تحت موسمیاتی سائنس کے ذریعے علاقہ میں خصوصی طور پر ہوا اور شمسی توانی سے معاونت حاصل کرتے ہوئے موسمیاتی سماجی واقتصادی ترقی اور قومی مرکز برائے آب و ہوا کے نظام کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔معین الحق نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ماہرین کے معلوماتی تبادلے، سائنسی و تکنیکی عملے کے تجربات، مشترکہ تعلیم اور تحقیق سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔