انٹرنیشنل ڈارک ویب کے گرفتار سرغنہ سہیل ایاز کی گرفتاری راولپنڈی پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے ٹاپ ٹرینڈ بن گئی

 
0
884

راولپنڈی نومبر 13 (ٹی این ایس): انٹرنیشنل ڈارک ویب کے گرفتار سرغنہ سہیل ایاز کی گرفتاری راولپنڈی پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے ٹاپ ٹرینڈ بن گئی، ملزم کو عدالت نے 5روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا،سی پی او نے عالمی سطح کے قانون شکن کے خلاف مزید قانونی کاروائی اور مقدمات کی تفتیش کے لئے 2اعلیٰ سطحی ٹیمیں تشکیل دے دیں ایس ایچ او روات ملک کاشف سمیت پوری پولیس ٹیم کوشاباش تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل ڈارک ویب کے گرفتار سرغنہ سہیل ایاز کی گرفتاری ملکی و غیر ملکی میڈیا میں راولپنڈی پولیس کی شاندار کارکردگی کے طور پر زیر بحث رہی،سوشل میڈیا پر راولپنڈی پولیس کی یہ کارکردگی ٹاپ ٹرینڈ رہی،ایس پی صدر رائے مظہر اقبال نے سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا کو بتایا کہ ملزم سہیل ایاز عرف علی کو پولیس نے مقامی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جہاں سے عدالت نے ملزم کو5روزہ جسمانی ریمانڈ میں پولیس کے حوالے کر دیا،ایس پی نے بتایا کہ پولیس ملزم کے ہاتھوں سفاکیت کا نشانہ بننے بچوں کے ورثاء سے روابط کئے جا رہے ہیں،ملزم سے جو لیپ ٹاپ اور دیگر سامان بر آمد ہوا ہے اسے فرانزک لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے،سی پی او نے انٹرنیشنل لیول کے گینگسٹرکی گرفتاری اور اس کی برطانیہ اور اٹلی سے ڈی پورٹ ہونے کے بعد پاکستان میں واپس آکر بچوں کے بد اخلاقی کی جو وارداتیں کیں انہیں ٹریس کرنے پر تھانہ روات پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے راولپنڈی کے ہر بچے کی اپنے بچے کی طرح حفاظت کرنے کا عہد کیا تھا ہم اس پر قائم ہیں اور راولپنڈی پولیس کے ہاتھوں انٹرنیشنل ڈارک ویب کے سرغنہ کی گرفتاری اس بات کا ثبوت ہے سی پی او نے کہا کہ ملزم کے ہاتھوں سفاکیت کا نشانہ بننے والے ایک ایک بچے کی ایف آئی آر کو درج کرنا ہماری ترجیح ہے،اگر بچوں کے ورثاء سماجی دباؤ کی وجہ سے مدعی مقدمہ بننے سے انکاری ہیں تو پولیس اپنی مدعیت میں یہ مقدمات درج کرے گی جس کے لئے قانونی طریق کار اختیار کیا جا رہا ہے،ادھر سماجی تنظیموں کی طرف سے سی پی او فیصل رانا کی کمانڈ میں راولپنڈی پولیس کی کارکردگی کا اعتراف سوشل میڈیا پر کیا جا رہا ہے،سماجی تنظیموں کے راہنماؤں کا کہنا ہے انٹرنیشنل ڈارک ویب کے سرغنہ کی گرفتاری سے ثابت ہو گیا ہے کہ راولپنڈی پولیس عالمی سطح کی پولیسنگ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے،سی پی او نے ایس ایس پی آپریشن طارق ولایت کی سربراہی میں پولیس کی خصوصی ٹیم تشکیل دی جو ملزم سہیل ایاز کے خلاف مزید قانونی کاروائی اور مقدمات کے اندراج کے لئے قانونی طریق کار اختیار کرے گی جبکہ ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد فیصل کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی جو درج مقدمات کی تفتیش کی نگرانی کرے گی۔