وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی صوبہ بھر میں دیہاتوں اور شہروں کے مابین نئی رابطہ سڑکیں تعمیر کرنے اور تعمیر میں اعلیٰ معیار کا میٹریل استعمال کرنے کی ہدایت

 
0
210

لاہور نومبر 27 (ٹی این ایس): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے فیصل آباد ڈویژن سمیت صوبہ بھر میںدیہی علاقوں کو مین روڈز اور شہروں سے ملانے کیلئے نئی رابطہ سڑکیں تعمیر کرنے کی ہدایت کی ہے اور مذکورہ سڑکوں کی معیاری تعمیر میں اعلیٰ معیار کا میٹریل استعمال کرنے کا بھی حکم دیاگیاہے تاکہ کاشتکاروں کو زرعی اجناس ، سبزیاں ، پھل وغیرہ فارم و کھیتوں سے مارکیٹوں ، سبزی و غلہ منڈیوں تک لانے میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرناپڑے۔
فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ذرائع نے بتایاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر پنجاب بھر کی شہری، دیہی اور ٹاؤن کی سطح پر پرانی سڑکوں کو نئے سرے سے تیار کیاجائے گا اورنئی سڑکوں کا جال بھی بچھایا جائیگا۔انہوں نے بتایاکہ گاؤں، دیہات اور شہروں کے مابین اچھی رابطہ سڑکیں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیں گی اور معاشی خوشحالی کی راہ ہموار ہو گی۔
انہوںنے کہاکہ ماضی میں دیہی علاقوں میں بنائی جانے والی سڑکیں سال دو سال میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جایا کرتی تھیں تاہم اس منصوبے کے تحت سڑکوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں پہلے سے موجود پرانی سڑکوں کی مرمت کی جا رہی ہے اور بعد ازاں نئی رابطہ سڑکوں کی تعمیر عمل میں آئیگی۔ انہوںنے کہاکہ یہ ایک میگا پراجیکٹ ہے جس میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے بین الاقوامی معیار کو مدنظر رکھا جارہاہے۔
انہوں نے کہا کہ دیہی سڑکوں کے جال سے کسان خوشحال ہو گا اور معیشت ترقی کرے گی۔انہوں نے مزید کہاکہ گزشتہ دو دہائیوں سے دیہی سڑکوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے تاہم موجودہ حکومت نے وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق فیصلہ کیا ہے کہ ان دیہی سڑکوں کومیگا پراجیکٹ کے تحت تعمیر کیا جائے گا۔