ہائیکورٹ کا حکم امتناعی کے باوجو د شہری کا گھر سیل کرنے پر سخت برہمی کا اظہار ،فور ی ڈی سیل کرنے کا حکم

 
0
222

لاہور دسمبر 02 (ٹی این ایس): لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے میانی صاحب قبرستان میں شہریوں کی اراضی زبردستی قبضہ میں لینے کے خلاف درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے حکم امتناعی کے باوجو د شہری کا گھر سیل کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فور ی ڈی سیل کرنے کا حکم دیدیا ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امیربھٹی کی سربراہی میں فل بنچ نے درخواستوں پر سماعت کی ۔درخواست گزاروں کی جانب سے صفدر شاہین پیرزادہ ، شاہد مقبول شیخ سمیت دیگر وکلا ء پیش ہوئے ۔
فاضل بنچ نے عدالتی حکم امتناعی کے باوجود شہری شاہد حسین کے گھر کو سیل کرنے پر میانی صاحب کمیٹی کے لیگل ایڈوائزر حافظ خلیل کی سخت سرزنش کرتے ہوئے لیگل ایڈوائزر کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست پر ایک سال سے جواب جمع نہ کروانے پر بھی شدید اظہار برہمی کیا ۔ فاضل بنچ نے ریمارکس دئیے کہ یہ آپ کی قابلیت ہے کہ ایک سال میں آپ جواب جمع نہیں کروا سکے۔ فاضل عدالت نے شہری کے گھر کو فوری ڈی سیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ میانی صاحب انتظامیہ کو کسی شہری کو اس کے گھر سے بے دخل کرنے کی ضرورت نہیں،سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں میانی صاحب آرڈیننس کے موثر ہونے یا نہ ہونے کا جائزہ لیں گے ۔ فل بنچ نے درخواستوں پر مزید سماعت 13جنوری تک ملتوی کر دی۔