پی آئی اے میں اصلاحات کے مثبت نتائج آنا شروع ہوگئے

 
0
364

کراچی جنوری 08 (ٹی این ایس): پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن(پی آئی ای) میں اصلاحات کے مثبت نتائج آنا شروع ہوگئے، ادارے نے اپنی مدد آپ کے تحت ناکارہ آلات کی مرمت کر کے کروڑوں روپے بچا لیے۔تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن (پی آئی ای) کے شعبہ ٹیکنکل گرانڈ سپورٹ نے اہم کارنامہ انجام دیتے ہوئے ناکارہ گاڑیوں اور طیاروں کو تکنیکی مدد فراہم کرنے والے کروڑوں روپے مالیت کے آلات کو قابل استعمال بنا دیا۔
ٹیکنکل گرانڈ سپورٹ کے عملے نے ناکارہ قرار دیے گئے کروڑوں روپے مالیت کے ٹگ ماسٹر، کنوئیر بیلٹ گاڑی، کوسٹرز اور فورک لفٹر کو دوبارہ سے اپنی مدد آپ کے تحت قابل استعمال بنا کر ادارے کو کروڑوں روپے کے نقصان سے بچایا۔طیاروں کو تکنیکی مدد فراہم کرنے والے مذکورہ آلات کئی برس قبل ناکارہ قرار دے کر نیلامی کے سامان میں شامل کر دیے گئے تھے۔
پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ایئر مارشل ارشد ملک نے کراچی ایئرپورٹ پر ٹیکنیکل سپورٹ کے شعبے کا دورہ کیا۔ انہوں نے شعبہ ٹیکنکل گرانڈ سپورٹ عملے کی کاوشوں کو سراہا۔ایئر مارشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے پاس خطے کی بہترین تکنیکی افرادی قوت موجود ہے جو اپنی مہارت اور تجربے کو استعمال کرتے ہوئے قومی ایئر لائن کی بحالی میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل ایئرلائن کے کئی ناکارہ اور خراب ہوجانے والے طیاروں کی بھی مقامی طور پر مرمت کردی گئی تھی اور اس کے لیے بیرون ملک سے کسی ماہر کی خدمات نہیں لی گئیں۔پی آئی اے کے مذکورہ اقدام سے ادارے کے کروڑوں روپے کے اخراجات بچالیے گئے تھے۔