گورنر سندھ کے واپس کردہ بل سمیت سندھ کابینہ نے 6 بلز کی منظور دے دی ہے، صوبائی وزیر قانون ضیاء الحسن

 
0
412

کراچی جولائی22(ٹی این ایس ):صوبائی وزیر قانون و جیل خانہ جات ضیاء الحسن نے کہا ہے کہ گورنر سندھ کے واپس کردہ بل سمیت سندھ کابینہ نے 6 بلز کی منظور دے دی ہے۔ جن میں نیب اور کیپٹیو پاور سبسڈی سمیت دیگر بلز شامل تھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گورنرسندھ نے بل کو آئین سے متصادم قرار دیے تھے، سندھ کابینہ نے ان اعتراضات کو مسترد کرکے بل کو دوبارہ اسمبلی میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کیپٹیو پاور سبسڈی سے عوام کو ہی فائدہ ہوگا،نہ کے کسی ایک شخص کو فائدہ ہوگا اور لوڈشیڈنگ بھی کم ہوگی، اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبے کو ترامیم کا اختیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب میں کسی کے خلاف درخواست دینے سے کوئی مجرم نہیں ہوجاتا، ہم چاہتے ہیں کہ ایک درخواست پر کوئی عزت دار شخص متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ایکٹ کا بل اجلاس میں پیش نہیں کیا گیا اس بل پر مشاورت جاری ہے جس کے بعد اجلاس میں پیش کیا جائیگا، قانونی ترامیم میں عوامی مفاد کو مدنظر رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کی عوام خود مختار ہونا چاہتی ہے، ہم ایساقانون لانا چاہتے ہیں تاکہ سب کو قابل قبول ہو۔