نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک ٹریفک پولیس اہلکار جاں بحق، ایک زخمی ہوگیا

 
0
354

کراچی جولائی24(ٹی این ایس )کراچی کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک ٹریفک پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ زخمی کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر داخلہ سندھ نے ٹریفک اہلکاروں پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ آئی جی سندھ نے واقعے کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ پولیس کے مطابق پیر کی شام موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر ٹریفک کی روانی کو جاری رکھنے کی کوشش میں مصروف ٹریفک اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار محمد خان جاں بحق ہوگیا جبکہ دوسرے اہلکار کی شناخت کامران کے نام سے ہوئی ہے۔ انہیں طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کی شدید الفظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کئے ہیں۔ کراچی پولیس کاکہناہے کہ ابوالحسن اصفہانی روڈپرپیراڈائزبیکری کے قریب ٹریفک پولیس اہلکاروں پرفائرنگ موٹر سائیکل ملزمان نے کی،پولیس نے ابوالحسن اصفہانی روڈپرفائرنگ کی جگہ کوگھیرے میں لے لیاہے اوروہاں سے گولیوں کے خول جمع کیے جارہے ہیں۔وقوعہ کے وقت پولیس اہلکارٹریفک کی روانی میں مصروف تھے،نجی چینل کے مطابق زخمی اہلکارکی شناخت محمدکامران کے نام سے ہوئی،دونوں اہلکاروں نے بلٹ پروف جیکٹ پہن رکھی تھی،ایک اہلکارکے پاس گن تھی جودہشت گردساتھ لے گئے۔ایس پی گلشن اقبال کے مطابق ملزمان کے روکے جانے پرفائرنگ کی۔وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو سے رپورٹ طلب کرلی ہیں۔وزیر داخلہ نے شہید ہونے والے ٹریفک اہلکار کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔ انہوں نے احکامات میں کہا ہے کہ زخمی ہونے والے اہلکار کے علاج میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ وزیر داخلہ سندھ نے قاتلوں کی گرفتاری کے احکامات جاری کئے ہیں اور شہر بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کے احکامات جاری کرتے ہوئے اسنیپ چیکنگ اور پکٹنگ کے عمل میں تیزی لانے کی ہدایت کی ہے۔ دریں اثناء آئی جی سندھ اللہ ڈنو خواجہ نے بھی پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔