بینکاری کی مجموعی صنعت میں 2025 تک اسلامی بینکاری کا حصہ ایک تہائی تک بڑھایا جائے گا، سٹیٹ بینک آف پاکستان

 
0
223

اسلام آباد 09 اپریل 2021 (ٹی این ایس): بینکاری کی مجموعی صنعت میں2025 تک اسلامی بینکاری کا حصہ ایک تہائی تک بڑھایا جائے گا۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے پاکستان میں اسلامک بینکنگ کی صنعت کے فروغ کے لئے تیسرا پانچ سالہ منصوبہ 25-2021 لانچ کر دیا ہے ۔گزشتہ دو دہائیوں کے دوران ایس بی پی کے اقدامات کے نتیجہ میں بینکنگ کی مجموعی صنعت میں اسلامی بینکاری کاحصہ 20 فیصد تک بڑھ چکا ہے۔ ایس بی پی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اسلامی بینکاری کے شعبہ کی ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں اور زیادہ تر بینکنگ صارفین روایتی بینکاری کی بجائے اسلامک بینکنگ کو ترجیح دیتے ہیں۔

مرکزی بینک کے اسلامی بینکاری کے شعبہ کے فروغ کے حوالہ سے شروع کئے گئے تیسرے پانچ سالہ منصوبہ کے تحت 2025 تک بینکنگ کی مجموعی صنعت میں اسلامک بینکنگ کے اثاثہ جات اور ڈیپازٹس کا حصہ 30 فیصد تک بڑھانے کے اقدامات کئے جائیں گے جبکہ اس عرصہ میں بینک برانچز کے مجموعی نیٹ ورک میں اسلامی بینکاری کی برانچز کا حصہ 35 فیصد تک بڑھایا جائے گا۔

مزید برآں منصوبہ کے تحت سال 2021 تا 2025 کے دوران ایس ایم ایز اور زرعی شعبہ جات کو قرضوں کی مجموعی فراہمی میں اسلامک بینکنگ کے قرضوں کے اجرا کی شرح کو بالترتیب 10 اور 8 فیصد تک توسیع دی جائے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران مرکزی بینک کی منصوبہ بندی کے تحت بینکاری کی مجموعی صنعت میں اسلامک بینکنگ کی صنعت کا حصہ 20 فیصد تک بڑھ چکا ہے جس میں ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں۔