وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے)شہر یوں کو چوبیس گھنٹے پانی کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے ، سملی ڈیم میں پانی کے ذخیرے میں کمی ہونے کے باوجود شہر میں پانی کی بلا تعطل فراہمی جاری ہے

 
0
182

اسلام آباد 14 اپریل 2021 (ٹی این ایس): وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے)شہر یوں کو چوبیس گھنٹے پانی کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے ، سملی ڈیم میں پانی کے ذخیرے میں کمی ہونے کے باوجود شہر میں پانی کی بلا تعطل فراہمی جاری ہے، رمضان المبارک میں پانی ٹینکر سروس چوبیس گھنٹے چلے گی ۔پانی ضائع کرنے والے شہریوں کو قانون کے مطابق جرمانے اور چالان کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،شہر بھر میں پانی کی لیکج کو ختم کرنے کے لئے کام کیا جا رہا ہے ، واٹر فلٹریشن پلانٹس اور ٹیوب ویلز میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے ،شکایات کے اندراج کے لئے شعبہ واٹر سپلائی کا شکایت نمبر جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے ) کا شعبہ واٹر منیجمنٹ اسلام آباد کے شہریوں کو پانی کی مسلسل فراہمی کے لئے کوشاں ہے ۔ شعبے نے آٹھ سے دس لیکج پوائنٹس کو بند کر کے ایک ملین گیلن پانی ضائع ہونے سے بچایا گیا ہے ۔آئی ٹین اور آئی نائن میں ایک ملین گیلن پانی سملی ڈیم سے فراہم کر دیا گیا ہے جس سے 150کمپلینٹس کی بجائے صرف30سے چالیس کمپلینٹس رہ گئی ہیں ۔شعبہ پائپ لائنوں کی لیکج پر کام کر رہا ہے ۔آئندہ دو ہفتے میں شہر بھر کی لائنوں کی تمام لیکجز کو بند کر دیا جائے گا ۔موسم سرما میں بارشیں کم ہونے کی وجہ سے سملی ڈیم میں پانی کا ذخیرہ بتیس ملین گیلن سے کم ہو کر بائیس ملین گیلن رہ گیا ہے ۔پانی کی بچت کر کے اس ذخیرے کو پندرہ جولائی تک چلایا جائے گا ۔شہر میں 190ٹیوب ویلز کام کر رہے ہیں،

ایک ہفتے میں پانچ ٹیوب ویل فنگشنل ہو جائیں گے جبکہ آئندہ دو ماہ میں مزید 10ٹیوب ویلز کا بھی اضافہ کر دیا جائے گا ۔ٹیوب ویل کی کسی بھی خرابی کو 48گھنٹے کے اندر ٹھیک کر دیا جاتا ہے تاکہ شہری پانی کی فراہمی کی وجہ سے پریشان نہ ہوں ۔شہریوں کی سہولت کے لئے پانی کی فراہمی کے اوقات بھی بڑھا دیئے گئے ہیں ۔آئی ٹین میں پانی کی فراہمی45منٹ سے بڑھا کر ڈیڑھ گھنٹہ کر دی گئی ہے جس سے شکایات میں کمی ہوئی ہے ۔جی الیون میں پانی کی بلا تعطل فراہمی کے لئے نئی لائنیں بچھا دی گئی ہیں ۔جی سیریز کے چھوٹے گھروں کے مکینوں کوچوبیس گھنٹے پانی کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے ۔روزانہ دو سو کے قریب شکایات ملتی ہیں جنہیں شام سے پہلے ٹینکرز کے ذریعے پانی فراہم کر دیا جاتا ہے ۔ایک ہفتے کے اندر شکایت نمبر جاری کردیا جائے گا جس پر شہری پانی کی لیکج اور پانی کی فراہمی نہ ہونے پر شکایت درج کروا سکیں گے ۔سی ڈی اے انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ پانی کا ضیاع نہ ہونے دیں ۔ گاڑیوں اور فرش کو دھونے میں پانی ضائع نہ کریں ۔ پانی کے ضیاع کو روکنے کے لئے قانون کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں کو دس ہزار روپے تک جرمانے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔اس کی نگرانی شروع کی جا رہی ہے اور چالان بھی کئے جائیں گے ۔دوسری بار چالان کے حامل شہری کا پانی کا کنکشن بھی منقطع اور گھر کے بور کو بھی سیل کیا جائے گا ۔جی ٹین اور جی الیون میں پانی کی فراہمی کے لئے خانپور ڈیم سے پانی کی سپلائی جاری ہے ۔دو ہفتوں کے اندر جی الیون میں مزیددو ملین گیلن پانی کا اضافہ کر دیا جائے گا ،پانی کی مقدار میں اضافے سے جی ٹین جی الیو ن،ایف ٹین اور ایف الیون میں پانی سپلائی کے ٹائم میں بھی اضافہ کر دیا جائے گا ۔شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے واٹر فلٹریشن پلانٹس کوبھی بہتر کیا جا رہا ہے ۔