پاکستان مہر گڑھ، گندھارا اور سندھ جیسی عظیم تہذیبوں کا حامل اور قابل فخر وارث ہے، سفیرڈاکٹر اسد مجید خان ،پاکستان کی سیاحت اور ثقافت کو فروغ دینے کےسلسلہ میں امریکہ میں پاکستانی سفارت خانے میں تقریب ہوئی

 
0
172

واشنگٹن ڈی سی 04 نومبر 2021 (ٹی این ایس): امریکہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا ہے کہ پاکستان مہر گڑھ، گندھارا اور سندھ جیسی عظیم تہذیبوں کی جائے پیدائش اور قابل فخر وارث ہے ۔ انہوں نے یہ بات واشنگٹن ڈی سی میں پاکستان کے سفارت خانے کے زیراہتمام پاکستان کے ثقافتی تنوع اور سیاحت کی صلاحیت کو فروغ دینے کے لیے منعقدہ تقریب میں کہی ۔

اس موقع پر اپنے کلمات میں سینیٹ کی دفاعی کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کو دلکش مناظر اور متنوع ثقافتی اور تاریخی ورثے سے نوازا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے پیش کردہ سیاحت کے مواقع سمیت شاندار پہاڑوں، زرخیز میدانوں، صحرائوں اور خوبصورت ساحلوں کے بارے میں بتایا ۔ انہوں نے بدھ مت، ہندو مت اور سکھ مت کے پیروکاروں کے لیے کچھ مقدس ترین مقامات کے حامل پاکستان کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا، جو ملک کو روحانی سیاحت کے لیےاعلیٰ منزل بناتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کی گرمجوشی اور مہمان نوازی ملک کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ انہوں نے مہمانوں کو پاکستان آنے کی دعوت دی۔اپنے خیرمقدمی کلمات میں سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا کہ پاکستان مہر گڑھ، گندھارا اور سندھ جیسی عظیم تہذیبوں کی جائے پیدائش اور قابل فخر وارث ہے۔

سفیر نے کوویڈ کی وبا کے دوران سفارتخانے کی ورچوئل ٹورز کے اہتمام کے لئے کی جانے والی کوششوں پر روشنی ڈالی تاکہ پاکستان کے خوبصورت مناظر اور ہزاروں سال پرانے ثقافتی ورثے کو امریکہ میں لوگوں تک پہنچایا جا سکے۔تقریب میں پاکستانی کھانوں اور موسیقی کو بھی متعارف کروایا گیا ۔

تقریب میں پاکستان کی قدرتی اور تعمیراتی خوبصورتی، اس کے متحرک لوگوں اور بھرپور ثقافت کے مختلف پہلوئوں کو ظاہر کرنے والی تصاویر کی نمائشکی گئی۔امریکہ کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مہمانوں نے پاکستان کی ثقافت اور سیاحت کے فروغ کے لیے سفارت خانے کی کوششوں کو سراہا۔ یہ تقریب پاکستان کی 75 ویں سالگرہ منانے کے پروگراموں کے سلسلےکی دوسری تقریب تھی۔