فیصل آباد: کانگووائرس کے پھیلنے کا خدشہ ،ضلعی انتظامیہ حرکت میں آگئی

 
0
526

فیصل آباد اگست 7(ٹی این ایس) کانگووائرس کے پھیلنے کا خدشہ ،ضلعی انتظامیہ حرکت میں آگئی ، دوسر ے اضلاع سے آنے والے مویشیوں کو کلیرنس رپورٹ کے بغیر کوئی گاڑی ضلع میں داخل نہ ہو، ضلع میں کانگووائرس کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کو یقینی بنایا جائے اس سلسلے میں دیگر شہروں سے آنے والے قربانی کے جانوروں کے معائنہ کے لئے ضلع کے داخلی راستوں پر انسپکشن چوکیاں قائم کی جائیں ۔ آن لائن کے مطابق ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے یہ ہدایت ایک اجلاس کے دوران محکمہ لائیو سٹاک کے افسران کو جاری کی جس میں کانگو وائرس کو کنٹرول کرنے کے لئے محکمانہ اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر ظفر عباس ‘ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر صالحہ گل ‘ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر آصف شہزاد ‘ جنرل مینجر فیصل آباد کیٹل مارکیٹس مینجمنٹ کمپنی میجر وجاہت علی جاوید‘ فوکل پرسن الائیڈ ہسپتال ڈاکٹر معصومہ سردار ‘ ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر ڈاکٹر بلال احمد ‘ محکمہ صحت اور لائیو سٹاک کے دیگر ڈاکٹرز نے شرکت کی ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عیدالاضحی کی آمد کے پیش نظر ضلع میں قربانی کے جانوروں کی آمد کا سلسلہ جاری رہے گا لہذا کانگووائرس سے بچنے کے لئے وسیع پیمانے پر حفاظتی و انسدادی اقدامات پر عملدرآمد کیا جائے ۔

انہوں نے ضلعی محکمہ لائیو سٹاک کے افسران سے کہا کہ وہ کانگر وائرس کو چیک کرنے کے لئے جامع پلان ترتیب دیں اور ضلع کے داخلی راستوں پر قائم چوکیوں پر سٹاف کی 24 گھنٹے ڈیوٹی لگا کر ہر جانور کو چیک اور سپرے کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کلیرنس رپورٹ کے بغیر مویشیوں کی کوئی گاڑی ضلع میں داخل نہیں ہونی چاہئے ۔ ڈپٹی کمشنر نے یونین کونسل کی سطح پر مویشیوں / جانوروں کو چیک کرکے حفاظتی ٹیکے اور سپرے کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ مویشیوں کو بیماریوں سے بچانے اور علاج معالجہ کے لئے ضروری ادویات کا سٹاک وافر مقدار میں موجود رکھا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی انسپکشن کے لئے محکمہ لائیو سٹاک کی موبائل ٹیمیں بھی گلی محلوں میں سرگرم عمل رہنی چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت اور لائیو سٹاک کے افسران کو کانگو وائرس سے بچنے سے متعلق شہریوں میں شعور پیدا کرنے سے متعلق آگاہی سیمینارز منعقد کرانے کی ہدایت کی اور کہا کہ حفاظتی تدابیر کی تفصیلات پر مبنی پمفلٹس بھی شہریوں میں تقسیم کئے جائیں تاکہ ہر گھر تک انسدادی و احتیاطی تدابیر سے متعلق معلومات پہنچ سکیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے الائیڈ و ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال کی انتظامیہ سے کہا کہ وہ کانگووائس کے مریض کی تشخیص و علاج کے لئے ضروری انتظامات کو چوکس رکھیں