لاہور ہائی کورٹ: عمران خان کی گاڑی کے عدالتی احاطے میں داخلے کی استدعا مسترد

 
0
131
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حفاظتی ضمانت کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے تاہم انتظامی جج نے ان کی گاڑی کے عدالت کے احاطے میں داخلے کی استدعا مسترد کر دی ہے۔
عمران خان کے وکلا نے پارٹی سربراہ کی گاڑی کو احاطہ عدالت میں لانے کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
اس معاملے کا فیصلہ پیر کو لاہور ہائی کورٹ کے انتطامی جج جسٹس عابد عزیز شیخ نے سنایا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے جمعرات کو عدالت نے عمران خان کو طلب کیا تھا کہ وہ حلف نامے اور وکالت نامے پر دستخط مختلف ہونے کی وضاحت کے لیے پیر کو خود پیش ہوں۔
گزشتہ سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل خواجہ طارق رحیم نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ مناسب سکیورٹی ملے تو عمران خان پیش ہو جائیں گے۔
جمعرات کو ہی عمران خان کے پیش نہ ہونے پر لاہور ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے ان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست خارج کر دی تھی۔
جسٹس نجفی نے ریمارکس دیے تھے کہ چھ بج کر 30 منٹ پر طلب کیا تھا لیکن درخواست گزار عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
’عدم پیروی پر درخواست خارج کی جاتی ہے۔‘
عمران خان نے اسلام آباد کے تھانہ سنگجانی میں درج مقدمے میں پیش ہونے کے لیے حفاطتی ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔