کیا راولپنڈی اسلام آباد کی رہائشی کالونیوں کے لیے قبضے غیرملکی مسلح افراد کر رہے ہیں؟

 
0
161
27 جنوری 2023 کی سہ پہر راولپنڈی کی ایک پولیس ٹیم اپنے معمول کے گشت پر تھی، کہ اچانک اس پر گولیاں برسنے لگیں۔ ایسا واقعہ اس علاقے میں نیا نہیں تھا۔ بلکہ فائرنگ کے ذریعے ہراساں کرنے کے واقعات اس علاقے میں پہلے بھی ہو چکے ہیں۔
 تھانہ چونترہ میں درج ایف آئی آر کے مطابق راولپنڈی کے نواحی علاقے سنگرال سے لادیاں چوک کی طرف جاتے ہوئے پولیس سکواڈ پر حملہ کیا گیا تھا۔  نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالکان کے ایما پر 15 سے 20  افراد نے ٹیلوں پر مورچے بنا کر حملہ کیا تھا۔ اس حملے کے نتیجے میں گاڑی کو گولیاں تو لگیں مگر پولیس اہلکار محفوظ رہے۔
تھانہ چونترہ کے ایس ایچ او لقمان پاشا کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق 25 جنوری 2023 کو بھی نجی سوسائٹی کی جانب سے کھینگر کلاں کے علاقے میں مسلح افراد نے مسلسل فائرنگ کر کے علاقے میں خوف و ہراس پھیلایا تھا۔ اس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے مختلف ملزمان کو گرفتار بھی کیا تھا۔ مقدمے کے مدعی کے مطابق ان گرفتاریوں کا بدلہ لینے کے لیے پولیس پر حملہ کیا گیا۔
اسی طرح ایک اور واقعے میں دوران سرچ آپریشن 29 جنوری کی شام نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے دفتر کے قریب پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔
چونترہ کے علاقے سنگرال کے رہائشی فہیم وقار کے مطابق گزشتہ پانچ برس سے اس علاقے میں قبضہ مافیا سرگرم ہے۔ سیاسی و انتظامی اثر رسوخ رکھنے کے باعث ان کے خلاف پہلے کبھی بڑا ایکشن نہیں ہو سکا۔