عالمی برداری ہندوستانی شہریوں کو مقبوضہ جموں کشمیر میں آباد کرنے کی ہندوستانی سازش کو رکوائے، وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر

 
0
1341

اسلام آباد اگست13 (ٹی این ایس) وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آرٹیکل 35 اے ختم کرنے کی کوشش مقبوضہ جموں کشمیر میں آبادی کی ہیت کو تبدیل کرنے کی سازش ہے۔عالمی برداری ہندوستانی شہریوں کو مقبوضہ جموں کشمیر میں آباد کرنے کی ہندوستانی سازش کو رکوائے۔ ہندوستان آبادی کا تناسب بدلنے کے لیے1947 سے ہر قسم کے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام ہندوستان کے خلاف فیصلہ دے چکے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ٹیلی وثرن کے یوم آزادی کے حوالہ سے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ 1940 کو قررارداد پاکستان کے اجلاس میں کشمیریوں نے شریک ہو کر پھر 1944 میں بانی پاکستان حضرت قائد اعطم محمد علی جناح کے دورہ سرینگر میں فقیدالمثال استقبال کر کے اپنی منزل پاکستان کے ساتھ متعین کر دی تھی۔ 19 جولائی 1947 کو تاریخ ساز قراردا الحاق پاکستان منطور کرکے کشمیری عوام کے نمائندگان نے عوامی رائے کی توثیق کر دی۔

آج مقبوضہ جموں کشمیر میں یوم آزادی پاکستان پر بھرپور جشن اور پاکستانی پرچم لہرانا اور یوم آزادی ہندوستان کے موقع پر یوم سیاہ اور کرفیو اس بات کا ثبوت ہے کہ کشمیری بھارت سے آزادی اور پاکستان سے الحاق چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام ہندوستان کی ہر سازش کو ناکام بنا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 15 اگست کو کشمیری عوام بھارت کے یوم آزادی کو بھرپور یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔