پنجاب میں حکومت اور گورننس کے نظام میں انقلابی تبدیلی کا انقلابی فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے چودہ رکنی خصوصی اعلی سطح کمیٹی قائم کر دی، اور اسے ساٹھ دن میں سفارشات کی تیاری کا ٹاسک دے دیا ہے۔ اس اقدام کے تحت فالتو، نکمے اور خساروں کے شکار اداروں کی ڈان سائزنگ کی جائے گی۔
ری اسٹرکچرنگ کمیٹی کی کنوینئر سینئر وزیر مریم اورنگزیب ہوں گی، جبکہ صوبائی وزیر خزانہ مجتبی شجاع الرحمن اور وزیرقانون بھی کمیٹی کے رکن مقرر کئے گئے ہیں۔حکومت اور گورننس کے نظام میں تبدیلی کیلئے ایک ہی کام کرنے والے زائد اداروں کو ختم کردیا جائے گا۔
وزارتوں کا حجم کم کرکے سرکاری امور کی انجام دہی میں آسانی پیدا کی جائے گی، ایک ہی کام کرنے والے اداروں کو ضم کیا جائے گا۔اس ری اسٹرکچرنگ اور ڈان سائزنگ سے اربوں روپے کی بچت ہوگی اور حکومت کے سالانہ اخراجات میں بڑی کمی ہونے سے مالی گنجائش پیدا ہوگی۔ وزیراعلی پنجاب نے ری اسٹرکچرنگ کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔













