نواز شریف کی نااہلی سے احتساب کا عمل مکمل نہیں ہوا‘ سب کو کٹہرے میں لایا جائے‘ سراج الحق

 
0
324

لاہورستمبر 11 (ٹی این ایس)امیر جماعت اسلامی پاکستا ن سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ لاہور تا اسلام آباد احتساب مارچ کر رہاہوں جس کا مقصد ان 436 لوگوں کا احتساب ہے جن کے نام پاناما لیکس میں ہیں ، نوازشریف کی نااہلی سے احتساب کاعمل مکمل نہیں ہوا ۔ عوام نے عدالت عظمیٰ کو مینڈیٹ دیا ہے کہ وہ کرپٹ بیوروکریسی جرنیلوں اور ججوں سمیت جس نے بھی پاکستان کو لوٹا ہے ، ان کو احتساب کے کٹہرے میں لائے اور لوٹی گئی قومی دولت واپس لینے کے لیے ایک نظام بنائے تاکہ ملک کو لوٹنے والوں سے حساب برابر کیا جاسکے ۔ نوازشریف کو عدالت عظمیٰ نے نہیں ، اللہ نے پکڑا ہے ۔

نوازشریف نے رات کے اندھیرے میں عاشق رسول ؐ ممتاز قادری کو شہید کروایا اور پھر لوگوں کو اس کے جنازے میں شرکت سے روکنے کی کوشش کی ۔ اسلامی پاکستان کو سیکولر ملک بنانے کے دعوے کیے اور دوبار آئین توڑنے والے مشرف کے حواریوں کو حکومت میں اعلیٰ عہدوں سے نوازا۔ جماعت اسلامی پاکستان کو امریکی آلہ کاروں سے نجات دلانے کی جدوجہد کر رہی ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جڑانوالہ میں بڑے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سرا ج الحق نے کہاکہ عدالت عظمیٰ ان 436 لوگوں کا احتساب کرے جن کا نام پاناما لیکس میں شامل ہے ۔ نوازشریف کی نااہلی کا فیصلہ درست مگر جب تک سب کا احتساب نہیں ہوتا ، یہ فیصلہ نامکمل ہے ، پاناما لیکس میں جرنیلوں ، بیوروکریسی ، ججز سب کے نام ہیں ،ان سب کا احتساب کرنے اور لوٹی دولت واپس لانے کا اختیار قوم نے عدالت عظمیٰ کو دیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ اللہ نے پاکستان کو معدنی وسائل اور محنتی عوام سے نوازا ہے پھر نوجوان ڈگریاں جلانے پر مجبور کیوں ہیں اور لوگ اپنے گردے اور اپنے بچے بیچنے پر کیوں مجبور ہیں ۔

لاکھوں لوگ تعلیم ، صحت اور روزگار جیسی سہولتوں سے محروم ہیں اور حکمران دونوں ہاتھوں سے دولت سمیٹ رہے ہیں ۔حکمرانوں نے خود دولت لوٹ کر سات پشتوں کے لیے خزانے جمع کرلیے اور عوام دو وقت کے کھانے سے محروم ہیں ۔ ملک کو چند ظالم وڈیروں ، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں نے کنگال کر دیاہے ۔ مسلح دہشتگرد بھی خطرناک ہیں مگر ایوانوں میں بیٹھے دہشتگرد زیادہ خطرناک ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ملک کو دیانتدار قیادت اور انقلاب کی ضرورت ہے ۔ یہاں افراد کی نہیں ، قانون اور آئین کی حکمرانی چاہتے ہیں، ہم نے احتساب کے لیے تحریک شروع کی ہے ، صرف نوازشریف کے احتساب سے یہ تحریک ختم نہیں ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ پرویز مشرف اور اس کے ٹولے نے دو بار آئین کو توڑا مگر وہ دبئی میں بیٹھا داد عیش دے رہاہے ۔ نوازشریف اب بھی پوچھتے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا، انہیں اپنے جرائم کا اعتراف کرکے توبہ کرنی چاہیے ۔

انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان کو اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کے لیے عوام کی تائید چاہتے ہیں تاکہ عام آدمی اقتدار کے ایوانوں تک پہنچ سکے ۔ غریب نے قربانی دے کر پاکستان بنایا تھا اور آج بھی پاکستان کے لیے قربانی غریب دے رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ امریکا نے ہمیشہ پاکستان کو دھوکا دیا لیکن حکمران70 سال سے اس کی گود میں بیٹھے ہوئے ہیں ۔ امریکا اسلامی ممالک میں اپنے آلہ کارحکمران تیار رکھتاہے جب ایک گھوڑا ناکام ہوتاہے تو دوسرے کو لے آتاہے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل نظام مصطفےٰؐ کا نفاذ ہے ۔ عوام سانپوں کے منہ میں دودھ ڈالنے کے بجائے دیانتدار قیادت کا انتخاب کریں، ہم عوام کے حقوق کی جدوجہد کرتے رہیں گے ۔