وزیراعظم خود برما اور بنگلا دیش کا دورہ کرکے متاثرین کی مدد کریں،سراج الحق

 
0
308

لاہور ستمبر 14(ٹی این ایس)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے مطالبہ کیاہے کہ وزیراعظم فوری طور پر بنگلا دیش اور برما کا دورہ کر کے مظلوم روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کو رکوانے کے لیے عالمی رائے عامہ ہموار کریں اور برما کی حکومت کو مسلمانوں کے قتل عام سے روکنے کے لیے چین کے ذریعے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے سینیٹ کے اجلاس کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ہزاروں روہنگیا مسلمانوں کا ظالمانہ قتل عام اور مسلم آبادیوں کو بچوں بوڑھوں اور خواتین سمیت جلانے کے واقعات نے نوبل انعام یافتہ سان سوچی کے چہرے سے نقاب الٹ دیاہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر چین اپنا اثرو رسوخ استعمال کرے تو برما کو ظلم و جبر سے روکا جاسکتاہے۔ حکومت پاکستان کو چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بروئے کار لاناچاہیے۔
انہوں نے کہاکہ عالمی برادری خصوصاً مسلم ممالک کو برما کے مسلمانوں کی حالت زار کی طرف توجہ دینی چاہیے اور اس عظیم انسانی المیے میں انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے کے لیے فوری طور پر بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں شروع کرنی چاہئیں۔اگر عرب شیوخ امریکا کے طوفان سے متاثرہ لوگوں پر 27 ملین ڈالر خرچ کر سکتے ہیں تو برما کے مہاجرین پر بھی انہیں دل کھول کر خرچ کرناچاہیے۔ انہوں نے کہاکہ عالم اسلام بنگلا دیش میں پناہ گزین مسلمانوں کا ساتھ دے اور عالمی برادری کو بھی اس طرف متوجہ کیا جائے۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ یو این او کو برما میں بھی یوگوسلاویہ اور یوگنڈا کی طرح کارروائی کرتے ہوئے انسانیت کے خلاف مظالم کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لاناچاہیے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ پاکستان میں 40 سال سے 2 لاکھ برمی مہاجرین بے وطن شہریوں کی زندگی گزار رہے ہیں، انہیں مستقل شہریت دی جائے۔دریں اثنا الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر میاں عبدالشکور نے اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے ملاقات کی اور بنگلا دیش میں روہنگیا مسلمانوں کے پناہ گزین کیمپوں کی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ امیر جماعت نے الخدمت فاؤنڈیشن کی امدادی سرگرمیوں کو سراہا اور میاں عبدالشکور کو ہدایت کی کہ مختلف اسلامی ممالک کے تعاون سے مہاجرین کی مشکلات اور پریشانیوں کو کم کرنے کی کوشش کی جائے۔ امیر جماعت نے میاں عبدالشکور اور سینیٹر طلحہ محمود کو بنگلا دیش میں برمی مہاجرین کے کیمپوں کا بروقت دورہ کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔