کراچی اکتوبر 3(ٹی این ایس) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کی سیکریٹری اطلاعات و ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا نے پی پی پی کراچی کے سیکریٹریز اطلاعات کی میٹنگ اپنے آفس میں طلب کی گئی، میٹنگ کاآغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اورشہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹوسمیت تمام شہدا جمہوریت کے لئے فاتحہ ودعا کی گئی۔ جس میں خصوصی طور پر صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات شکیل چوہدری، سینٹرل کے شہزاد مجید، شرقی کے وقاص شوکت ، ویسٹ کے آصف خان، کورنگی کے جانی میمن اور خواتین ونگ کراچی کی سیکریٹری اطلاعات شاہینہ سعیدہ شریک ہوئی۔ میٹنگ میں اطلاعات ونشریات کے حوالے سے تفصیلی بحث کی گئی ۔ اس موقع پراجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا کا کہنا تھا کہ ملک میں بادشاہت تو ختم ہوگئی مگر بادشاہی نظام کا راج ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت میں عوام دن بہ دن مہنگائی کے بوجھ تلے دب کررہ گئے ہیں۔ اور پیسوں کے ذریعے میڈیا کو تو خاموش کروایا جاسکتا مگر غریب ونادر لوگوں کو نہیں ۔حالیہ دنوں میں پٹرول کے نرخوں میں اضافہ کے خلاف انہوں نے بھرپور مذمت کی اور اسے جنگل کا قانون قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگی نہ تو پہلے سیاستدان تھے اور نہ اب نااہل ہونے کے باوجود انہوں نے سیاست سے کچھ سیکھا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نااہل حکومت پاکستان ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے جن کو قابو کرے بصورت دیگر عوام کا سیلاب اس نااہل حکومت کو بہا کر لے جائیگا۔صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ اس طرح کی میٹنگ اور سیکریٹریز اطلاعات کا تواتر کے ساتھ اجلاس ہونا اور ان کا فعل رول ادا کرنا ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اس سلسلے میں صوبائی تنظیم کراچی ڈویژن کے تمام سیکریٹری اطلاعات کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی اور پارٹی کے پروگراموں کو عوام میں آگاہی کیلئے اپنا موثرکردار ادا کریگی۔