وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس ، تین گھنٹے طویل اجلاس میں سکولز ریفارمز روڈمیپ پروگرام پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ

 
0
344

لاہور اکتوبر 7 ( ٹی این ایس)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت یہاں اجلاس منعقد ہوا۔ تین گھنٹے طویل جاری رہنے والے اجلاس میں سکولز ریفارمز روڈمیپ پروگرام پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں جاری اصلاحاتی پروگرام کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور پنجاب حکومت نے اس ضمن میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں اور تعلیمی شعبہ کی بہتری کے لئے مقرر کردہ اہداف کے حصول میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے۔ سکولوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کے باعث معیار تعلیم میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت 4 ہزار 300 سکولوں کو آؤٹ سورس کیا ہے ۔ ان سکولوں میں پہلے بچوں کی تعداد انتہائی کم تھی۔ آؤٹ سورس کے بعد ان سکولوں میں بچوں کی تعداد میں نہ صرف اضافہ ہوا ہے بلکہ تعلیم کا معیار بھی بہترہوا ہے، آئندہ بھی اسی ماڈل کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم ہر بچے کا حق ہے اور یہ حق اس کو دے کر رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ تعلیم کی بہتری کیلئے جاری اصلاحاتی پروگرام کے اہداف پر عملدرآمد تسلسل کے ساتھ جاری رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سکولوں سے سرکاری سکولوں میں داخلے کا رجحان بڑھا ہے اور نجی سکولوں سے سرکاری سکولوں میں داخلے کی شرح میں 33 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ بچوں کے سکول نہ چھوڑنے کی شرح میں 57 فیصد اضافہ ہوا ہے تا ہم انرولمنٹ کی شرح کا ہدف حاصل کرنے کے لئے مزید محنت سے کام کرنا ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں ہر کام میرٹ اور شفافیت کے ساتھ ہوتا ہے۔ لاکھوں اساتذہ کی بھرتی سوفیصد میرٹ پر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ ایک شاندار پروگرام ہے۔ اس تعلیمی فنڈ کے ذریعے اب تک 2 لاکھ سے زائد کم وسیلہ طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کا حق دیا گیا ہے اور پنجاب حکومت کا یہ پروگرام جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا تعلیمی وظائف کا پروگرام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اب تک 12 ارب روپے کے تعلیمی وظائف تقسیم کرچکی ہے اور رواں مالی سال کے اختتام تک تعلیمی وظائف حاصل کرنے والے بچوں کی تعداد 3 لاکھ 50 ہزار ہو جائے گی۔یہ پروگرام ایسے قابل اور ذہین بچوں کیلئے شروع کیا گیا جن کے پاس اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے وسائل نہیں ہیں اورآج اس پروگرام کی بدولت کئی بچے و بچیاں اس تعلیمی وظیفے کی بدولت ڈاکٹر، انجینئر، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں کے ماہر بن کر ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیور تعلیم پروگرام کے تحت پنجاب کے پسماندہ اضلاع میں لڑکیوں کے وظائف میں اضافہ کیا گیا ہے۔ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی ووچر سکیم کے تحت سکولوں میں لاکھوں بچے داخل ہوئے ہیں اور 2018 تک مزید بچوں کو ووچر سکیم کے تحت سکولوں میں داخلہ دیا جائے گااوراس اقدام نے صوبے میں تعلیمی منظرنامہ بدل کر رکھ دیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ شعبہ تعلیم کے اصلاحاتی پروگرام کے اہداف کے حصول کیلئے سب نے مل کر ایک ٹیم کے طور پر آگے بڑھنا ہے اور مجھے یقین ہے کہ شعبہ تعلیم میں اصلاحاتی پروگرام کے اہداف حاصل کر لئے جائیں گے۔ برطانیہ کی ترقی کے ادارے (ڈیفڈ) کے مینجنگ پارٹنر سر مائیکل باربر نے کہا کہ پنجاب حکومت سکولز روڈ میپ کے پروگرام کو شاندار انداز میں آگے بڑھا رہی ہے۔ انرولمنٹ اور معیاری تعلیم کے فروغ میں بے پناہ بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی ذاتی دلچسپی کے باعث سکولز روڈمیپ کا پروگرام کامیابیوں کی جانب گامزن ہے۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پنجاب میں میرٹ اور شفافیت کو فروغ دیا ہے۔ تعلیم کے شعبہ میں شفافیت اور میرٹ کی حکمرانی میں پنجاب سب سے آگے ہے اور وزیراعلیٰ شہبازشریف اور ان کی ٹیم کی محنت کے باعث مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ ڈیفڈ کی سربراہ جوانا ریڈ نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی مضبوط قیادت میں پنجاب حکومت نے تعلیم کے میدان میں بہترین کام کیا ہے اور پنجاب تعلیم کے میدان میں درست سمت بڑھ رہا ہے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے فروغ تعلیم کیلئے جو اقدامات کئے ہیں، وہ قابل ستائش ہیں۔ ڈیفڈ پنجاب حکومت کے ساتھ مستقبل میں بھی تعاون جاری رکھے گا۔