لاہور سمیت پنجاب میں سموگ کا راج،ٹریفک حادثات میں 2افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی

 
0
919

 

لاہور،نو مبر04(ٹی این ایس) : صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے اکثر علاقے آج بھی شدید دھند اور اسموگ کی لپیٹ میں ہیں، موٹر وے اور قومی شاہراہوں پر حد نگاہ صفر تک پہنچ گئی، پنجاب کے مختلف شہروں میں آلودہ دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں 2افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔دھند اور اسموگ کے سبب پی آئی اے نے 5پروازیں منسوخ کردیں جبکہ کئی پروازوں کا شیڈول تبدیل کردیا گیا ہے۔

دھند کے سبب کئی پاور پلانٹ بند ہوگئے، جس کی وجہ سے بجلی کا بحران پیدا ہوگیا ہے، لیسکو نے پنجاب بھر کے لئے ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کردیا ہے جبکہ سندھ کے شہر وں میں بھی بجلی بندش کا دورانیہ بڑھادیا گیا ہے۔کراچی کے بھی بعض علاقوں میں ہلکی دھندہے، ائر پورٹ کے اطراف، ملیر لنک ورڈ اور ہائی وے پر صبح سویرے دھند سے ٹریفک کی روانی متاثرہوئی تاہم سورج نکلنے کے بعد صورتحال بہتر ہے۔

موٹر وے حکام کے مطابق چیچہ وطنی میں دھند کے باعث حد نگاہ 20 میٹر رہ گئی ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے جبکہ میاں چنوں سے خانیوال اور ملتان سے بہاولپور تک حد نگاہ سے صفر سے 50 میٹر تک ریکارڈ کی گئی ہے۔دوسری جانب موٹر وے حکام نے شہریوں سے کہا ہے کہ اسموگ یا دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال کیا جائے۔

چین اور بھارت کے دارالحکومتوں میں بھی اسموگ سے عوام کی پریشانی بڑھ رہی ہے۔ آنکھوں میں جلن، گلے میں خرابی کی شکایات میں اضافہ ہوا ہے۔بھارتی دارالحکومت نئی دلی میں دیوالی کے بعد بڑھنے والی آلودہ دھند میں اب تک کمی نہیں ہوئی۔ سردی اور فضا میں نمی کے اضافے کے ساتھ ہی آلودہ دھند کی لہرشدت اختیار کرگئی ہے۔ جس کی وجہ سے شہریوں کو سانس لینے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

دل کے امراض ، سینے میں انفیکشن کی شکایت ، ناک کان گلے کے مریضوں کی تعداد بڑھی ہے۔دوسری جانب بیجنگ میں اس سیزن کا پہلا اورنج الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ اگلے چار روز کے لیے شدید آلودہ دھند کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔چینی دارالحکومت کے باشندوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آلودہ دھند کے مضر اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے ماسک پہنچیں، آنکھوں میں جلن کی صورت میں ٹھنڈے پانی سے آنکھیں دھوئیں۔ادھر چین کے شمالی حصے میں سردی سے بچنے کے لیے کوئلے کا استعمال بڑھنے سے آلودہ دھند یعنی اسموگ شدت اختیار کرگئی۔ ہیبئی، ہنان ، شینڈونگ اور شان ژی صوبوں میں صنعتوں کو اسٹیل کی پیداوار میں کمی کی ہدایت کردی گئی ہے۔