لاہور نومبر 25(ٹی این ایس) مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی کے مرکزی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس منعقد ہواجس میں ملک کی مجموعی اورسیاسی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر مشاورت کی گئی ،اجلاس میں مذہبی جماعت کی جانب سے اسلام آباد میں کئی روز سے جاری دھرنے ، عدالتی حکم پر انتظامیہ کے آپریشن اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال بارے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
جاتی امراء رائے ونڈ میں منعقد ہونے والے اجلاس میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ،وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ،حمزہ شہباز ،وفاقی زراء احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق ، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، سردار مہتاب خان ، سینیٹر پرویز رشید ، رانا ثنا اللہ خان سمیت دیگر نے شرکت کی ۔بتایاگیا ہے کہ اجلاس میں وزیر داخلہ احسن اقبال نے اسلام آباد میں دھرنے پر بیٹھی ہوئی مذہبی جماعت کے ذمہ داران سے کئے جانے والے مذاکرات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔
انہوں نے بتایا کہ ذمہ داران سے مثبت مذاکرات اور ان کی کامیابی کیلئے ہر ممکن کوشش کی گئی لیکن دوسری طرف سے رویہ اس کے برعکس رہا۔ اجلاس کے دوران عدالتی حکم پر انتظامیہ کی جانب سے دھرنے کے شرکاء کو مرکزی شاہراہ سے ہٹانے کیلئے کئے جانے والے آپریشن اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔مزید بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں حلقہ بندیوں کے حوالے سے سینیٹ سے ترمیم کی منظوری اور اس پر پیپلز پارٹی کے کردار سمیت عوامی رابطہ مہم ، نیب کیسز سمیت مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال اور آئندہ کی حکمت عملی طے کی گئی ۔