مطالبات پورے کروانے کی یقین دہانی فوج نے کرائی ۔وزیرداخلہ سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی ‘معاہدے پر ان کے دستخط فوج نے کروائے ہونگے،خادم حسین رضوی

 
0
397

لاہور ،نو مبر 29(ٹی این ایس): تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی نے انکشاف کیا ہے کہ مظاہرین کو ان کے مطالبات حکومت کی جانب سے پورے کروانے کی یقین دہانی فوج نے کرائی تھی۔ خادم حسین رضوی نے کہا کہ ہم نے حکومت سے کہا تھا کہ ہم آپ سے بات نہیں کرسکتے پھر فوج درمیان میں آگئی تھی اور ہمارے راہنماﺅں نے فوج اور انٹر سروسز انٹیلی جنس کے افسران سے ملاقات کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ فوجی افسران کی جانب سے ہمیں یقین دہانی کروائی گئی کہ ہمارے تمام مطالبات کو پورا کیا جائے گا۔معاہدے پر اگرچہ وزیرداخلہ احسن اقبال اور سیکرٹری داخلہ کے دستخط موجود ہیں مگر خادم حسین رضوی نے بتایاکہ ان کی ٹیم وزیر داخلہ سے نہیں ملی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ فوج کے افسران نے ہی احسن اقبال سے اس معاہدے پر دستخط کروائے ہوں گے۔

اسی دوران وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ معاہدہ بہتر مفاد میں نہیں پیش آیا لیکن حکومت کے پاس اختیارات بہت کم تھے جبکہ ایسی ہی صورت حال اگلے 24 گھنٹے تک رہتی تو فسادات برپا ہوسکتے تھے۔ایک سوال کے جواب میں خادم حسین رضوی نے بتایاکہ شہباز شریف، احسن اقبال سمیت کسی حکومتی شخصیات سے مذاکرات ہوئے نہ معاہدہ ہوا۔

ہمارے مذاکرات جنرل فیض سے ہوئے اور وہی ضامن بھی ہیں۔ آٓرمی چیف کے کہنے پر معاہدہ ہوا اور اس پر ہم ان کا شکریہ ادا کیا۔ا نہوں نے مزیدبتایاکہ راولپنڈی میں ہمارے6 لوگ چوہدری نثار کے گھر کے باہر قتل کئے گئے۔سربراہ تحریک لبیک رسول اللہ خادم حسین رضوی نے کہاکہ جس کوگلی گلی میں چور کہیں،اس کو ضامن کیسے مانتے شہباز شریف جھوٹ بول رہے ہیں ، ان کا ثالثی میں کوئی کردار نہیں۔ا نہوں نے مزید انکشاف کیاکہ زاہدحامد کا استعفیٰ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کے کہنے پر لیا گیا۔ہمیں کسی بھی حکومتی شخصیات کی زبان پر اعتبار نہیں تھا حکومت نے قتل وغارت شروع کردی تو پھر فوج نے ثالثی کا کردار ادا کیا۔