شہباز شریف کا پیر حمید الدین سیالوی سے رابطہ ،پنجاب حکومت نے 2دن کی مزید مہلت مانگ لی

 
0
295

سرگودھا دسمبر 3(ٹی این ایس):وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے سرگودھا کے آستانہ سیال شریف کے پیشواء پیر حمید الدین سیالوی سے رابطہ کیا ہے اور انکے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ پنجاب حکومت نے 2دن کی مزید مہلت مانگ لی۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن ختم نبوت کے معاملے پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ۔مسلم لیگ کے متعدد اراکین اسمبلی نے رانا ثنا اللہ کے استعفے کا مطالبہ کر دیا ہے اور رانا ثنا اللہ کے مستعفی نہ ہونے کی صورت میں اپنے اپنے استعفے پیر حمید الدین سیالوی کے پاس جمع کروا دئیے ہیں اور انکو اپنے استعفوں کا اختیار دے دیا ہے ۔

پیر حمید الدین کی جانب سے رانا ثنا اللہ کو دی جانے والی ڈیڈ لائن ختم ہو چکی ہے لیکن رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ وہ علماء و مشائخ کا احترام کرتے ہیں مگر انکے سیاسی پیر نواز شریف ہیں اور انکے استعفے کا فیصلہ نواز شریف کریں گے ۔رانا ثنا اللہ کو استعفے کے لیے دی جانے والی ڈیڈ لائن ختم ہونے پر پیر حمید الدین سیالوی کی صدارت میں اجلاس بھی ہوا ہے اور 5بجے پریس کانفرنس کرنے جا رہے ہیں ۔وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے سرگودھا کے آستانہ سیال شریف کے پیشواء پیر حمید الدین سیالوی کی پریس کانفرنس سے پہلے ان سے رابطہ کیا ہے اور انکے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔پنجاب حکومت نے 2دن کی مزید مہلت مانگ لی۔پیر حمید الدی سیالوی نے بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کی یقین دہانی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔