نواز شریف کے بینک اکاﺅنٹ سے مریم نواز سمیت دیگر افراد کو منتقل کی گئی رقوم کی تفصیلات احتساب عدالت میں پیش کردی گئیں

 
0
344

اسلام آباد دسمبر 5(ٹی این ایس): نواز شریف کے بینک اکاﺅنٹ سے مریم نواز سمیت دیگر افراد کو منتقل کی گئی رقوم کی تفصیلات احتساب عدالت میں پیش کردی گئی ہیں۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کے خلاف ریفرنسز کی سماعت کررہے ہیں۔ عدالت کی جانب سے استثنیٰ ملنے کے باعث نواز شریف کی جگہ ان کے نمائندے ظافر خان ترین جبکہ مریم نواز کے نمائندے جہانگیر جدون ایڈووکیٹ اور کیپٹن (ر) صفدر خود عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے بھی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکردی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو 15 روز کے لیے حاضری سے استثنیٰ دیا جائے ، ان کی غیر حاضری میں فیصل عرفان ایڈووکیٹ پیش ہوں گے۔سماعت کے دوران استغاثہ کے گواہ کی جانب سے نواز شریف کے بینک اکاﺅنٹ سے مریم صفدرسمیت دیگر افراد کو جاری چیکس کی تفصیلات پیش کردیں، جس کے مطابق نوازشریف کے اکاﺅنٹ سے مریم صفدرکو 13 جون 2015 کو12 ملین جب کہ 15 نومبر 2015 کو 28.8 ملین، 14 اگست 2016 کو 19.5 ملین روپے کا چیک دیا گیا۔

دوسری جانب شریف خاندان کے خلاف احتساب عدالت میں دائر ریفرنسز کی سماعت کے دوران نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر عدالت میں پیش ہوگئے اور حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرادی۔ ذرائع کے مطابق کیپٹن (ر) محمد صفدر کی درخواست پر استغاثہ کے گواہان کے بیانات قلمبند کیے جانے کے بعد فیصلہ سنائے جانے کا امکان ہے۔بعد ازاں عدالتی کارروائی کے بعد صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر نے عدالت سے باہر آکر بتایا کہ پہلے استثنیٰ حاصل ہونے دیں پھر میں بتاﺅں گا کہ مجھے ملک میں رہنا ہے یا باہر جانا ہے۔