لاہور ،دسمبر06(ٹی این ایس): پاکستان عوامی تحریک کو سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ کی تصدیق شدہ کاپی حاصل ہو گئی ہے۔ پی اے ٹی کے رہنما خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ ہمیں رپورٹ کی تصدیق شدہ کاپی موصول ہو گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹ کا جائزہ لے رہے ہیں۔ جائزہ لینے کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔ خرم نواز کا کہنا تھا کہ ہم وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے استعفے کے مطالبے پر قائم ہیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز پنجاب حکومت کی اپیل مسترد کرتے ہوئے عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ پبلک کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت کی جانب سے فریقین اور متاثرین کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ کی کاپی تین دن میں فراہم کرنے کے احکامات جاری کیےگئے تھے۔













