بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالخلافہ قرار دینے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرار داد جمع

 
0
309

 

لاہور،دسمبر08(ٹی این ایس) : تحریک انصاف نے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالخلافہ قراردینے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرار داد مذمت جمع کرا دی ہے جس میں ایم پی اے شعیب صدیقی نے اپنی پارٹی کی جانب سے اس معاملے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر ٹرمپ کے غیر قانونی ،غیر اخلاقی اور بلا جواز اعلان پر او آئی سی اور دیگر اسلامی ممالک سے رابطہ کر کے لائحہ عمل تشکیل دے اور 13دسمبر کو ہونے والے او آئی سی کے اجلاس میں امریکہ کی جانب سے قبلہ اول کو اسرائیل کا دارالحکومت بنانے کے اعلان کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے اسے واپس لینے پر مجبور کیا جائے ایم پی اے شعیب صدیقی نے اپنی قرار داد میں مزید کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے اس تعصبانہ اقدام سے سارے عالم اسلام کو تشویش ہے جس پر فوری طور پر نظر ثانی ہونی چاہیے انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کے یکطرفہ اقدامات اسلام دشمن طاقتوں کو مضبوط کرنے کی طرف پیش قدمی ہے دنیا بھر میں بسنے والے مسلمان ٹرمپ کے اس اعلان کے بعد جذباتی کیفیت میں مبتلا ہو کر بھرپور احتجاج کر رہے ہیں کیونکہ یہ نہ صرف عالم اسلام کے خلاف ہے بلکہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے دیگر ادارے بھی اسے نا قابل قبول سمجھتے ہیں اسی طرح یورپ اور دیگر مغربی ممالک بھی امریکہ کی اس یکطرفہ کاروائی پر حیران دکھائی دیتے ہیں ایم پی اے شعیب صدیقی نے کہا کہ خود امریکی شہری ٹرمپ کے اس اعلان سے پریشان ہیں اور وہ اپنی دماغی حالت کے صحیح ہونے کا یقین دلا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے سب سے پہلے برملا اس معاملے پر بھرپور جذبات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی22کروڑ اور دنیا بھر کے مسلمانوں کی ترجمانی کی ایم پی اے شعیب صدیقی نے کہا کہ قبلہ اول کے تحفظ کیلئے ہم کسی اقدام سے گریز نہیں کرینگے۔