وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے عثمان بزدار نے کاغذات نامزدگی جمع کروادیئے

 
0
427

لاہوراگست 18(ٹی این ایس) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی طرف سے وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے نامزد کردہ عثمان احمد خان بزدارنے کاغذات نامزدگی جمع کروادیے۔کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’میں پنجاب کے سب سے زیادہ پسماندہ علاقے کی نمائندگی کررہا ہوں اور وزیراعظم عمران خان کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا‘۔پنجاب میں لائحہ عمل سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ’جنوبی پنجاب سمیت پسماندہ طبقوں کو سہولیات مہیا کرنا اور انہیں دیگر ترقی کے حامل طبقوں کے مساوی حقوق فراہم کرنا ہماری ترحیجات میں شامل ہے‘۔انہوں نے واضح کیا کہ ’ان کا دامن کرپشن کے داغ سے پاک ہے‘۔جب صحافی نے سوال کیا کہ آپ اپنے علاقے میں 3 مرتبہ رکن صوبائی اسمبلی رہے لیکن علاقے میں کوئی قابل ذکر ترقی نظرنہیں آئی، اس کی کیا وجہ ہے جس پر متوقع وزیراعلیٰ پنجاب نے جواب دیا کہ ’یہ ذمہ داری وفاقی حکومت کی ہے لیکن اب کریں گے‘۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’جنوبی پنجاب کو صوبے کا درجہ دینے سے متعلق تمام فریقین کو ساتھ لے کر چلیں گے اور عمران خان کا ہر وعدہ پورا ہوگا‘۔