ڈولفن فورس اور پولیس رسپانس یونٹ سمیت پٹرولنگ پولیس کے گشت کے اوقات کار کو مزید بڑھایا جائے ‘کیپٹن (ر) عارف نواز

 
0
402

 

لاہو ر ،دسمبر20(ٹی این ایس):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ کرسمس کے موقع پر صوبے کی تمام اقلیتی عبادت گاہوں بالخصوص گرجا گھروں اور کلیساؤں سمیت حساس مارکیٹوں اور تفریح گاہوں کی فول پروف سکیورٹی کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیںجبکہ نیو ائیر نائٹ کے موقع پر ون ویلنگ ،ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی میں ملوث عناصر کے خلاف فی الفور کریک ڈاؤن کا آغاز کیا جائے اور منشیات فروشوں بالخصوص شراب فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لائی جائے ،مسیحی برادی کے تحفظ کیلئے اقلیتی عبادت گاہوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھتے ہوئے شہریوں کی نگرانی کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں ، واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈٹیکٹرزکے استعمال کو یقینی بنا یا جائے اور گرجا گھروں کے ارد گرد عمارتوں پر سنائپرز اور اندر سادہ لباس میں کمانڈورز کو لازمی تعینات کیا جائے تاکہ کرسچین برادری اپنی مذہبی رسومات بلا خوف و خطر ادا کر سکیں ،کانفرنس کے دورا ن آئی جی پنجاب کو بتایا گیا کہ حساس اور بڑے گرجا گھروں کی سیکیورٹی انتظامات کیلئے کنٹرول روم بنائے گئے ہیں اور چرچز کے گردو نواح میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ، سویپ ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ کومبنگ آپریشنز کئے جارہے ہیں جبکہ پنجاب بھر میں کرسمس کے موقع پر 40ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے ،ہر طرح کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کیلئے ڈولفن فورس اور پولیس رسپانس یونٹ سمیت پٹرولنگ پولیس کے گشت کے اوقات کار کو مزید بڑھایا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں صوبے کے تمام اضلاع کے آر پی اوز اورڈی پی اوز کو بذریعہ ویڈیو لنک ہدایات دیتے ہوئے کیا ،کانفرنس میں ایڈیشنل آئی جی ، ویلفیئر اینڈ فنانس، محمد طاہر، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ پنجاب، فیصل شاہکار، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب، اظہر حمید کھوکھر ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، رائے محمد طاہر، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب، عامر ذوالفقاراور ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز، بی اے ناصر سمیت دیگر سینئر پولیس افسران موجود تھے ۔

کانفرنس میں آئی جی پنجاب نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز اپنے اضلاع میں کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور کرسمس کے موقع پر شاپنگ پلازوں ، مارکیٹوں ، فوڈ کورٹس اوربالخصوص غیر ملکی فوڈ چینوں میں آنے والے شہریوں کی سکیورٹی پربطور خاص توجہ دی جائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کرسمس کے موقع پر پنجاب کے تمام اضلاع میں غیر ملکی شہریوں کی نقل و حرکت کے دوران سیکیورٹی کیلئے خاطر خواہ اقدامات کئے جائیں۔

ویڈیو لنک کانفرنس میں صوبے کے مختلف اضلاع کے آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے اپنے ریجنز اور اضلاع میں کرسمس اور نیو ائیر نائٹ کے حوالے سے بنائے گئے سکیورٹی پلان کے حوالے سے آئی جی پنجاب کو بریفنگ دی جس پر آئی جی پنجاب نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اقلیتی عبادت گاہوں کے ساتھ پارکوںکی سکیورٹی کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں کیونکہ مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد عیسائی برادری اپنے اہل خانہ اور عزیز اقارب کے ساتھ خوشیاں منانے تفریح گاہوں کا رخ کرتی ہے انہوں نے تاکید کی کہ پارکوں سمیت دیگر تمام تفریح گاہوں کیلئے سکیورٹی کی اضافی نفری کو تعینات کیا جائے اور وضع کردہ ایس او پی کے ذریعے چیک ہوئے بغیر کسی شہری کو پارک میں داخلے کی اجازت نہ دی جائے ا ور تفریح گاہوں میں پارکنگ کے مناسب انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں آئی جی پنجاب نے نیو ائیر نائٹ کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سالِ نو کی رات سڑکوں پر ون ویلنگ ، ہلڑ بازی ، ہوائی فائرنگ اور ناچ گانے کرنے والے نوجوانوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے اور شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کاروائی میں کوئی رعائت نہ برتی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیو ائیر نائٹ کے موقع پر شراب فروشی بالخصوص زہریلی اور کچی شراب بنانے والی بھٹیوں کے خلاف جاری آپریشن میں تیزی لاتے ہوئے انکے مالکان کو گرفتارکیا جائے اور قانون کے مطابق سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔

اجلاس میں آئی جی پنجاب نے ہدایت دہتے ہوئے کہا کہ پولیس حراست یا دوران تفتیش تشدد یا ہلاکت کسی صورت قابل قبول نہیں لہٰذا ایسی کاروائیوں کے ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی میں کوئی تاخیر نہ برتی جائے ۔ ویڈیو لنک کانفرنس سے قبل سنٹرل پولیس آفس کے کمیٹی روم میں کرسمس کی مناسبت سے ایک پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں آئی جی پنجاب نے نجی مسیحی تنظیم کے ایک وفد سے ملاقات کے بعد سی پی او کے عیسائی ملازمین کے ساتھ کرسمس کیک کاٹا اور انہیں مذہبی تہوار کی مبارک باد دیتے ہوئے گفٹ اور عیدی بھی تقسیم کی ۔