ہم پرکرپشن کاکوئی الزام نہیں،شہبازشریف نےکرپشن کےریکارڈ قائم کردیے،پرویزالٰہی

 
0
462

 لاہور ،دسمبر21(ٹی این ایس):مسلم لیگ (ق)کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے رنگ روڈ سدرن لوپ کا منصوبہ 5 سال میں مکمل کیا تھا جبکہ شہبازشریف نے توسیعی منصوبہ پر 10سال لگا دئیے، یہ ہے ان کی کارکردگی۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ جب ہم نے اس منصوبے کا آغاز کیا تو بے شمار مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اس کے باوجود ہمارے خلاف عدالتوں سے کوئی حکم امتناعی نہیں آیا کیونکہ زمین کے مالکان کو بروقت ادائیگیاں کی گئیں، باقاعدہ قانون سازی کے بعد منصوبے کا آغاز کیا گیا اور ہمارے منصوبوں میں شفافیت اور عوامی مفاد کو ترجیح دی گئی تھی جبکہ شہبازشریف کے دو ادوار پورے ہونے کو ہیں لیکن ان کے بیشتر منصوبے جو ابھی تک لٹکے ہوئے ہیں اور مکمل نہیں ہوئے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہم نے جنوبی پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز اور ان کی بروقت تکمیل کر کے جنوبی پنجاب کی محرومیوں کو ختم کرنیکی کوشش کی لیکن شہبازشریف حکومت نے 10 سال میں جنوبی پنجاب کے عوام کے احساس محرومی کو بڑھایا ہے، جنگلہ بس کے بعد اورنج لائن ٹرین پر پورے پنجاب کے فنڈز لگائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور کے بنے ہوئے کسی منصوبے پر کرپشن کا الزام نہیں لگا جبکہ شہبازشریف کے ہر منصوبے میں کرپشن کے ریکارڈ قائم ہوئے، ملتان میٹرو، آشیانہ ہاؤسنگ سکیم، سستی روٹی، پیلی ٹیکسی، مکینکل تندور ہوں یا 56 کمپنیاں سب ایک سے بڑھ کر ایک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 5سال میں عوام کو ہم نے ریسکیو 1122، فری تعلیم، کتابیں، صحت کی سہولیات، ایمرجنسی میں مفت ادویات، کمپیوٹرائزڈ لینڈر ریکارڈ سمیت بہت سے عوامی فلاحی منصوبے عوام کو دئیے۔