جے پی ایم سی اسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کی طرف سے اسپتال کی سال2017 رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش  جنوری سے دسمبر تک 66 ہزار 127 مریض داخل،8 ہزار 288 اموات ،15 ہزار 551 ڈیلیوریاں ،13 لاکھ1 ہزار 5 اوپی ڈیز کی گئیں،رپورٹ 

 
0
410

کراچی، دسمبر 22 (ٹی این ایس):وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جناح پوسٹ میڈیکل سینٹر(جے پی ایم سی)اسپتال کی سہولیات کو مزید بہتر کرنا ہے، جس میں ملک بھر کے دور دراز سے مریض علاج معالجے کے لیے آتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے پی ایم سی اسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے جناح اسپتال کی سالانہ کارکردگی 2017 رپورٹ پیش کرتے دوران کیا۔ ڈاکٹر سیمی جمالی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں صرف جناح اسپتال میں رواں سال جنوری سے دسمبر تک 66 ہزار 127 مریض داخل ہوئے اور 8 ہزار 288 اموات ،15 ہزار 551 ڈیلیوریاں ،13 لاکھ1 ہزار 5 اوپی ڈیز کی گئی ہیں جبکہ ایمرجنسی مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 59 ہزار 90 اور شعبہ زچہ و بچہ(گائنی) اور آبسٹیٹرکس ایمرجنسی کی تعداد 40 ہزار 228 رہی ہے، رواں سال کتے کے کاٹنے کے 34 ہزار 700 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر سیمی نے بتایا کہ رواں سال 27 ہزار 400 آپریشن ہوئے جبکہ 6 ہزار 230 گائنی کے آپریشن ہوئے۔انہوں نے مزید وزیراعلی سندھ کو بتایا کہ جناح اسپتال میں رواں سال بستروں کی داخلہ شرح 84.4 فیصد رہی۔ جس پر وزیراعلی سندھ نے مزید بستروں کو بڑھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر سیمی جمالی، جے پی ایم سی کی پوری ٹیم، پروفیسرز، ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف و دیگر عملہ غریب مریضوں و متاثرہ مریضوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے میں بہتر خدمت کررہے ہیں۔