کیویز کیخلاف 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز ، 15رکنی قومی سکواڈ کا اعلان

 
0
331

لاہور دسمبر 23 (ٹی این ایس) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی نے نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا، قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لینے کے بعد 15رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا، قومی ٹیم تین روزہ مختصر کیمپ کے بعد 27دسمبر کو لاہور سے آکلینڈ کے لیے روانہ ہو گی جہاں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ون ڈے اور3ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جائیں گے،ی ٹونٹی کیلئے زیر غور کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ 9 اور 10جنوری کو لئے جائیں گے۔

لاہور میں پی سی بی ہیڈ کوارٹر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بتایا کہ انجری کے شکار جنید خان کی جگہ عامر یامین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ آل راؤنڈر عماد وسیم کی جگہ محمد نواز کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عماد وسیم کو گھٹنے کی انجری کی وجہ سے ڈراپ کردیا، وہ ایک بہترین کھلاڑی ہیں تاہم انہیں مکمل فٹ ہوتے ہی ٹیم میں شامل کرلیا جائے گا۔چیف سلیکٹر نے بتایا کہ مڈل آرڈر بیٹسمین صہیب مقصود بھی فٹنس ٹیسٹ کلیئر کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔مزید پڑھیں: جنید خان فریکچر کے سبب دورہ نیوزی لینڈ سے باہرانضمام الحق کا کہنا تھا کہ سال 2017 پاکستان میں کرکٹ کے لیے اچھا سال ثابت ہوا جبکہ ایسا لگ رہا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھل رہے ہیں اور بہت جلد ملک میں کھیلوں کے ویران اسٹیڈیمز آباد ہوجائیں گے۔

محمدحفیظ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک اچھے بلے باز ہیں تاہم ان کی باؤلنگ ایکشن کو بہتر کرنے کے حولے سے بورڈ کوششوں میں مصروف ہے۔انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے محمد حفیظ کو بطور بلے باز ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔محمد آصف کی واپسی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ سلیکشن کمیشن یا کرکٹ بورڈ نے کسی کے لئے دروازے بند نہیں کئے ، سب کی کارکردگی کو دیکھ رہے ہیں۔کچھ عرصے سے نوجوان فاسٹ بالرز اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں جبکہ فرسٹ کلاس میں بھی کھلاڑیوں کی اچھی کارکردگی سامنے آئی ہے جس کی جگہ بن رہی ہے اسے دی جارہی ہے۔آصف پرفارمنس دے گا اور اگر وہ ٹیم کے لئے بہتر ہوا تو اسے ضرور زیر غور لایا جائے گا۔پاکستان ٹیم میں سرفراز احمد (کپتان)، اظہر علی، فخر زمان، انعام الحق، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حارث سہیل، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد نواز، محمد عامر، حسن علی، عامر یامین اور رومان رئیس شامل ہیں۔قومی ٹیم تین روزہ مختصر کیمپ کے بعد 27دسمبر کو لاہور سے آکلینڈ کے لیے روانہ ہو گی جہاں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ون ڈے اور3ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جائیں گے۔۔

ٹیم کے علاوہ دیگر عملے میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ کرانٹ فلاور، باؤلنگ کوچ اظہر محمود، فیلڈنگ کوچ اسٹیو رائیزن، فٹنس کوچ گرانٹ لڈن، ٹیم منیجر طلعت علی ملک، ٹیم اینالسٹ طلحہ اعجاز بٹ، میڈیا منیجر عون زیدی اور سیکیورٹی منیجر کرنل (ر) اعظم خان شامل ہیں۔کھلاڑیوں کے لیے فزیو تھیراپی کی ذمہ داری انجام دینے کے لیے صرف سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کے مقامی فزیو تھیراپسٹ کا تقرر کیا جائے گا۔خیال رہے کہ شاہینوں اور کیویز کے درمیان 5 ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا معرکہ ویلنگٹن میں 6 جنوری کو ہوگا، دوسرا میچ 9 جنوری کو نیلسن، تیسرا ایک روزہ میچ 13 جنوری کو ڈونیڈن، چوتھا ایک روزہ میچ 16 جنوری کو ہملٹن جبکہ پانچواں اور آخری ایک روزہ میچ 19 جنوری کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔۔