یومِ قائد: ہم سب اقلیتی برادری ودیگر کو ساتھ لے کر چلیں، اسد عمر 2018

 
0
280

کراچی ،دسمبر 25 (ٹی این ایس):پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے کہا ہے کہ 25 دسمبر قائداعظم پاکستان کا دن ہے۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم سب اقلیتی برادری ودیگر کو ساتھ لے کر چلیں جبکہ سابق وزیر اطلاعات اور پی ٹی آئی کی مرکزی رہنما فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ 2018ء میں قائداعظم کی شیروانی بھی عمران خان پہنیں گے۔ پیر کو پی ٹی آئی کے وفد نے قائداعظم کے 142 ویں یوم پیدائش کے موقع پر مزار قائد پر حاضری، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی اور کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔ وفد میں اسد عمر، فردوس عاشق اعوان، عمران اسماعیل، عارف علوی، خرم شیر زمان اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ 25 دسمبر قائداعظم پاکستان کا دن ہے۔ نوجوانوں کو اتنا معلوم نہیں کہ پاکستان بنا، قائداعظم نے پاکستان بنا کر قوم پر احسان کیا۔ ہم کو ان کے فرمودات پر عمل کرنا چا ہئے۔ قائداعظم چاہتے تھے کہ قانون مضبوط ہو۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم سب اقلیتی برادری اور دیگر کو ساتھ لے کر چلیں۔ ملک کے اندر جو کچھ ہورہا ہے، سب کو پتہ ہے۔ کرسمس ڈے پر عیسائی برادری کو بھی مبارکباد دیتا ہوں۔ اس موقع پر فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بنانے میں نوجوانوں نے اہم کردار ادا کیا۔ عمران خان کی زیر قیادت نوجوانوں کو قائداعظم کی سوچ دیں گے۔ آج کا دن قوم کو اکٹھا کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف فاطمہ جناح کی خدمات کو بھی سراہتی ہے۔ 2018ء میں قائداعظم کی شیروانی بھی عمران خان پہنیں گے۔