ترقی کے سفر میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کوقوم معاف نہیں کرے گی،احسن اقبال

 
0
589

لاہور جنوری 13(ٹی این ایس): وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران بتائیں کہ گیند ریورس کیسے کی جاتی ہے؟ ،عمران خان دھرنے کی پوزیشن میں نہیں، طاہرلقادری کواستعمال کرنا چاہتے ہیں،سینیٹ انتخابات کوخراب کرنے کی کوشش نہ کی جائے،ووٹ عوام کی امانت ہیں فصلی بٹیروں کوووٹ نہ دیں۔

انہوں نے آج یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں جمہوری عمل میں رخنہ نہیں ڈالنا چاہیے۔ترقی کے سفر میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کوقوم معاف نہیں کرے گی۔ووٹ عوام کی امانت ہیں فصلی بٹیروں کوووٹ نہ دیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے گرد خطرات منڈلا رہے ہیں۔بلوچستان میں عدم استحکام پیداکرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔لیکن ہمیں سمجھناچاہیے کہ دشمن بلوچستان کو نشانہ بنانا چاہتاہے۔احسن اقبال نے چیئرمین پی ٹی آئی سے سوال کیا کہ عمران بتائیں کہ گیند ریورس کیسے کی جاتی ہے؟ انہوں نے کہاکہ جس نے کبھی ایک یونین کونسل نہ چلائی ہو وہ ملک کیسے چلا سکتاہے؟

وزیرداخلہ نے کہاکہ عمران خان دھرنے کی پوزیشن میں نہیں۔عمران اب طاہرلقادری کواستعمال کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سینیٹ انتخابات کوخراب کرنے کی کوشش نہ کی جائے۔سینیٹ اور عام انتخابات وقت پرہوں گے۔